پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار منیب بٹ نے اپنی آمدنی میں برکت اور کامیابی کی ایک دلچسپ وجہ بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیریئر کے آغاز میں دی گئی ایک معمولی رقم کی خیرات نے ان کی زندگی پر گہرا اثر ڈالا۔
منیب بٹ پاکستان کے نمایاں ٹیلی وژن اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی ان کی بڑی تعداد میں مداح موجود ہیں۔
حال ہی میں منیب بٹ نے اپنے یوٹیوب وی لاگ میں رمضان المبارک کے دوران اپنی روزمرہ سرگرمیوں اور معمولات پر بات کرتے ہوئے اپنی آمدنی میں برکت کی ایک یادگار کہانی بھی سنائی۔
اداکار کے مطابق جب انہوں نے شوبز انڈسٹری میں قدم رکھا تو ان کی پہلی کمائی محض دو ہزار روپے تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جب انہیں اپنی پہلی ادائیگی کا چیک ملا تو انہوں نے خوشی سے اپنے تایا کو اس کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر ان کے تایا نے وہ رقم خیرات کے لیے لے لی۔
منیب بٹ کے مطابق اس وقت دو ہزار روپے ایک قابلِ ذکر رقم سمجھی جاتی تھی کیونکہ یہ واقعہ تقریباً سترہ برس پہلے کا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے تایا نے اس رقم سے گوشت خریدا اور اسے پرندوں میں تقسیم کردیا۔
اداکار کے بقول اس موقع پر ان کے تایا نے انہیں کہا کہ اس عمل کی وجہ سے ان کی کمائی میں ہمیشہ برکت رہے گی کیونکہ پرندے ان کے لیے دعا کریں گے۔
منیب بٹ کا کہنا تھا کہ وقت گزرنے کے ساتھ انہیں محسوس ہوا کہ واقعی اللہ تعالیٰ نے ان کی زندگی اور آمدنی میں بے شمار برکت عطا کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس واقعے کو اپنی زندگی کا ایک اہم سبق سمجھتے ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ نیکی اور خیرات انسان کی زندگی میں مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔
مداحوں کی جانب سے بھی اس بیان کو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ دی جا رہی ہے اور کئی صارفین اسے سخاوت اور شکر گزاری کی ایک خوبصورت مثال قرار دے رہے ہیں۔