میری طرف سے یہ شادی ختم ہے، رجب بٹ کا ایمان فاطمہ سے علیحدگی کا اعلان

image

معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنی نجی زندگی سے متعلق جاری تنازعات کے درمیان اہلیہ ایمان فاطمہ سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں کے درمیان اختلافات گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث تھے، جبکہ اب رجب بٹ نے ایک پوڈکاسٹ میں واضح کیا ہے کہ وہ اس شادی کو مزید جاری نہیں رکھنا چاہتے۔

رجب بٹ اور ایمان فاطمہ کی شادی 2024 میں بڑے دھوم دھام سے ہوئی تھی جس کی تقریبات سوشل میڈیا پر خاصی وائرل ہوئی تھیں۔ مداحوں نے اس جوڑی کو خوب سراہا تھا اور دونوں کی ویڈیوز اور تصاویر بھی سوشل میڈیا پر مقبول رہیں تھیں۔ شادی کے بعد ان کے ہاں ایک بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کا نام کیوان سلطان رکھا گیا۔

تاہم شادی کے کچھ عرصے بعد ہی دونوں کے درمیان اختلافات کی خبریں سامنے آنے لگیں۔ سوشل میڈیا پر یہ دعوے بھی کیے گئے کہ ایمان فاطمہ کے حاملہ ہونے کے دوران رجب بٹ کا کسی اور خاتون کے ساتھ تعلق تھا۔ اس حوالے سے سوشل میڈیا انفلوئنسر فاطمہ خان کا نام بھی زیرِ بحث آیا جس کے بعد یہ معاملہ مزید توجہ کا مرکز بن گیا۔

رجب بٹ نے اپنے ایک وی لاگ میں اس بات کا اعتراف بھی کیا تھا کہ انہوں نے واقعی ایمان فاطمہ کو دھوکہ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شادی سے پہلے ایک ریلیشن شپ میں تھے جو شادی کے بعد آہستہ آہستہ ختم ہوگیا۔

یوٹیوبر کے مطابق انہوں نے اس غلطی پر اپنی اہلیہ سے معافی بھی مانگی تھی اور ایمان فاطمہ نے انہیں معاف بھی کر دیا تھا، تاہم اس کے بعد بھی کئی معاملات سامنے آئے جنہوں نے دونوں کے تعلقات کو مزید خراب کر دیا۔

دوسری جانب ایمان فاطمہ کے بھائی نے بھی سوشل میڈیا پر اپنی بہن کا مؤقف پیش کیا جس کے بعد یہ تنازع مزید شدت اختیار کر گیا اور دونوں خاندانوں کے درمیان بحث چھڑ گئی۔

اس تمام صورتحال کے بعد رجب بٹ نے ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اب اس شادی کو مزید جاری نہیں رکھنا چاہتے اور اس رشتے کو بچانے کی مزید کوشش نہیں کریں گے۔

اپنے بیٹے کیوان سلطان کے بارے میں بات کرتے ہوئے رجب بٹ کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اپنے بیٹے سے محبت کریں گے اور اسے ہر ممکن سپورٹ فراہم کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کی ساری دولت ان کے بیٹے کے نام ہوگی۔

رجب بٹ کے مطابق کچھ معاملات خصوصاً ان کے والدین کے حوالے سے پیدا ہونے والے اختلافات نے صورتحال کو اس نہج تک پہنچا دیا کہ اب اس رشتے کو برقرار رکھنا ممکن نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک سال پرانی شادی کے مقابلے میں اپنے والدین کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔ اس موقع پر انہوں نے ایمان فاطمہ کی فیملی کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

رجب بٹ کے ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے۔ متعدد صارفین ایمان فاطمہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں جبکہ بعض افراد رجب بٹ کو سخت تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ اس وقت یہ معاملہ سوشل میڈیا پر ایک بڑا موضوعِ بحث بن چکا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US