لاہور ہائی کورٹ نے سعدالرحمان المعروف ڈکی بھائی کی اہلیہ سے مبینہ رشوت کے کیس میں تین ملزمان کی ضمانت منظور کرلی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس عابد گل خان نے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر سرفراز چوہدری، شعیب ریاض اور سلمان عزیز کو ایک، ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض رہا کرنے کا حکم دیا۔
عدالت کے مطابق درخواست گزار پر 5 لاکھ روپے رشوت لینے کا الزام تھا، تاہم ریکارڈ سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ملزمان نے براہ راست شکایت کنندہ سے رقم وصول کی۔
فیصلے میں کہا گیا کہ ملزمان پر کال سینٹرز سے رشوت لینے کے الزامات بھی عائد کیے گئے، لیکن استغاثہ کسی متاثرہ فرد کو عدالت میں پیش کرنے میں ناکام رہا۔
عدالت نے مزید قرار دیا کہ ڈکی بھائی کے ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے برآمد ہونے والی 3 لاکھ 26 ہزار 420 ڈالر کی رقم کیس پراپرٹی کا حصہ ہے، جبکہ ذاتی اکاؤنٹ میں منتقلی کے الزامات کا فیصلہ ٹرائل کے دوران کیا جائے گا۔
عدالت نے تمام درخواست ضمانتیں منظور کرتے ہوئے ملزمان کی رہائی کا حکم دے دیا۔