اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کے معاملے پر یوٹیوبر رجب بٹ کی درخواست پر سماعت ملتوی کردی جبکہ ندیم نانی والا کی درخواست نمٹا دی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس محمد اعظم خان نے یوٹیوبر رجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔
اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے رجب بٹ کیس میں جواب کے لیے عدالت سے مہلت مانگ لی۔
ندیم مبارک کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، رپورٹ ڈایریکٹر لیگل این سی سی آئی اے سرفراز کھٹانہ نے عدالت میں پیش کی۔
رپورٹ کے مطابق این سی سی آئی اے ہیڈ کوارٹرز کی سفارش پر نام پی سی ایل سے نکال دیا جائے گا، ندیم مبارک کا نام نیشنل سائبر سیکیورٹی ایجنسی کی سفارش پر پی سی ایل میں ڈالا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ندیم مبارک این سی سی آئی اے لاہور میں درج انکوائری کیس میں نامزد ہیں، پاسپورٹ رولز 2021 کے تحت ندیم مبارک کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیا گیا۔
عدالت نے رجب بٹ کی درخواست پر سماعت ملتوی کردی جبکہ ندیم نانی والا کی درخواست نمٹا دی۔