پاکستانی یوٹیوبرز ذوالقرنین سکندر اور رجب بٹ کے درمیان جاری تنازع نے حال ہی میں نیا رخ اختیار کرلیا ہے جب ذوالقرنین سکندر نے پہلی بار کھل کر رجب بٹ پر متعدد الزامات عائد کیے۔
ذوالقرنین سکندر جو عام طور پر تنازعات سے دور رہتے ہیں اور اپنی اہلیہ کنول آفتاب کے ساتھ فیملی اور ایڈونچر ولاگز کے لیے جانے جاتے ہیں نے کہا کہ وہ عام طور پر کسی کے خلاف بات نہیں کرتے لیکن موجودہ صورتحال نے انہیں مؤقف ظاہر کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب رجب بٹ نے مبینہ طور پر کنول آفتاب کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ذوالقرنین نے دعویٰ کیا کہ رجب بٹ خود کو سیلف میڈ کہتے ہیں لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔
ذوالقرنین کے مطابق رجب بٹ نے پہلی بار 2021 میں کنول آفتاب سے رابطہ کیا لیکن اس وقت وہ غیر معروف تھے اور بعد ازاں 2023 میں ایک پوڈکاسٹ میں مدعو ہونے کے ذریعے نمایاں ہوئے۔ ذوالقرنین اور ان کی اہلیہ نے رجب بٹ کو آن لائن پلیٹ فارمز پر متعارف کروانے، شاؤٹ آؤٹس دینے اور ویورشپ بڑھانے میں مدد فراہم کی اور ان کی شادی کے اخراجات میں بھی کردار ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مختلف مواقع پر مالی معاونت اور برانڈ کولیبوریشنز میں بھی ان کی مدد کی گئی۔ ذوالقرنین سکندر نے کہا کہ ان کے پاس تمام دعووں کے ثبوت موجود ہیں جن میں پیغامات، آڈیو کلپس اور سی سی ٹی وی فوٹیج شامل ہیں اور انہوں نے اپنی اہلیہ کا وائس نوٹ بھی پیش کیا۔
اس تنازع نے سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ حاصل کر لی ہے جہاں لوگ دونوں یوٹیوبرز کے مؤقف پر مختلف آراء دے رہے ہیں۔