اداکار حمزہ علی عباسی کی بہن ڈاکٹر فضیلہ عباسی قانونی مشکلات میں گھِر گئی ہیں کیونکہ ایف آئی اے نے ان کے خلاف منی لانڈرنگ اور دیگر مالی جرائم کے حوالے سے دو الگ الگ مقدمات درج کر دیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فضیلہ عباسی پر رجسٹریشن کے بغیر غیر قانونی کلینک چلانے اور حوالہ ہنڈی، مشکوک ٹرانزیکشنز کے ذریعے غیر قانونی رقوم منتقل کرنے کے الزامات ہیں۔ مقدمات کے مطابق ڈاکٹر فضیلہ عباسی کے 22 بینک اکاؤنٹس میں تقریباً 25 ارب روپے جمع ہیں جبکہ ان کی ڈکلیئرڈ سالانہ آمدنی صرف 4 سے 6 لاکھ روپے ہے۔
ایف آئی اے کے حکام کا کہنا ہے کہ رقم کے ایک حصے کو امریکا اور دبئی منتقل کیا گیا اور شواہد کی بنیاد پر مقدمات کمرشل بینکنگ سرکل اور اینٹی کرپشن ونگ میں درج کیے گئے ہیں۔
عدالت نے ڈاکٹر فضیلہ عباسی کی طبی بنیادوں پر قبل از گرفتاری ضمانت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ اسپیشل جج سینٹرل ٹو اسلام آباد نے تحریری حکم میں کہا کہ درخواست گزار ضمانت کا غلط فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے تحقیقات کر رہی ہے اور ابھی تک رقوم کے ذرائع کی حتمی رپورٹ موصول نہیں ہوئی۔