رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے بھارتی فلم 'دھرندھر' میں اپنے کردار ’جمیل جمالی‘ کی عکاسی اور اس میں اپنی شخصیت کے تاثر پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
ایک بھارتی یوٹیوبر کو انٹرویو دیتے ہوئے نبیل گبول نے کہا کہ اگرچہ فلم میں ان کا کردار منفی دکھایا گیا ہے، تاہم اس سے ان کی شہرت میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے فلم میں جمیل جمالی کا کردار ادا کرنے والے سینئر اداکار راکیش بیدی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں بطور اداکار بہت عزت دیتے ہیں۔
تاہم انہوں نے راکیش بیدی کے اس دعوے پر حیرت کا اظہار کیا کہ وہ نبیل گبول کو نہیں جانتے، جبکہ فلم میں 2007 کے دور کے لیاری کے ایم این اے کے طور پر ان کی شخصیت کو واضح کیا گیا۔
نبیل گبول نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ ایک دبنگ انسان ہیں، اس لیے اگر راکیش بیدی ان کے کردار کو ’دبنگ‘ انداز میں پیش کرتے تو زیادہ بہتر ہوتا۔ اس کے علاوہ انہوں نے لیاری کے پس منظر اور پاک بھارت تعلقات پر بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔