پاکستانی شوبز انڈسٹری میں سینئر اداکارہ صبا فیصل اور اداکارہ حرا خان کے درمیان سوشل میڈیا پر جاری لفظی جنگ نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں صبا فیصل نے کھل کر حرا خان کے کیریئر پر تنقید کرتے ہوئے انہیں “ریئلٹی چیک” دے دیا۔
صبا فیصل گزشتہ تقریباً پچیس برسوں سے پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا حصہ ہیں۔ وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ بطور ٹی وی اناؤنسر اور نیوز کاسٹر بھی اپنی شناخت بنا چکی ہیں اور سوشل میڈیا پر بھی خاصی متحرک رہتی ہیں اور اکثر معاشرتی و خاندانی اقدار پر اپنے خیالات کا اظہار کرتی ہیں۔
حال ہی میں ایک ویڈیو، جو ڈاکٹر اعجاز وارث نے حرا خان کے خلاف بنائی، اس کے کمنٹ سیکشن میں صبا فیصل نے حرا خان کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ صبا فیصل نے اپنے بیان میں کہا کہ حرا خان اداکاری سے زیادہ رقص کی وجہ سے مشہور ہیں اور انہیں چاہیے کہ پہلے خود کو منوائیں اور کامیابیاں حاصل کریں، اس کے بعد سینئر فنکاروں پر تنقید کریں۔
پہلے تم میری طرح اپنے کریڈٹ کے لیے وجہ شہرت تو بنو، پھر بڑے اداکاروں کے خلاف بات کرنا۔
یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب حرا خان نے صبا فیصل کے ایک بیان جس میں انہوں نے بیٹوں کی اہمیت پر بات کی تھی پر سخت ردعمل دیا۔ حرا خان نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں صبا فیصل کے بیان کو “حیران کن اور بے وقوفانہ” قرار دیا۔
حرا خان کے بیان کے جواب میں صبا فیصل نے کہا کہ وہ ابھی اتنی بالغ نہیں کہ ان کے خیالات کو سمجھ سکیں اور انہیں وقت کے ساتھ سمجھ آ جائے گی۔
اس تنازع کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ کچھ صارفین صبا فیصل کے تجربے اور مؤقف کی حمایت کر رہے ہیں، جبکہ دیگر حرا خان کے حق میں آواز اٹھا رہے ہیں اور سینئر اداکارہ کے سخت لہجے کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔