سلمان خان نے راجپال یادو کے حق میں آواز بلند کر دی

image

اسکرین ایوارڈز 2026 کے دوران اداکار راجپال یادو سے متعلق ایک تبصرہ سوشل میڈیا پر بحث کا باعث بن گیا جس کے بعد بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان ان کے حق میں سامنے آ گئے۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب صحافی سوربھ دویدی ایک سیشن کی میزبانی کر رہے تھے جہاں انہوں نے راجپال یادو کے مالی کیس کا حوالہ دیتے ہوئے طنزیہ جملہ کہا۔ اس پر راجپال یادو نے وضاحت دینے کی کوشش کی اور کہا کہ پہلے مسئلہ سن لیا جائے۔

اس صورتحال کے بعد سلمان خان نے سوشل میڈیا پر راجپال یادو کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 30 برسوں سے انڈسٹری میں کام کر رہے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کے باعث ہمیشہ پسند کیے جاتے رہے ہیں۔ سلمان خان کا کہنا تھا کہ ایک باصلاحیت فنکار کے لیے کام کی کمی نہیں ہوتی اور انہیں مستقبل میں بھی مواقع ملتے رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعض اوقات باتوں میں کچھ جملے بہاؤ میں نکل جاتے ہیں تاہم اصل اہمیت فنکار کی محنت اور کام سے لگاؤ کی ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ راجپال یادو ماضی میں 9 کروڑ روپے کے چیک باؤنس کیس کے باعث قانونی مشکلات کا سامنا کر چکے ہیں اور کچھ عرصہ جیل میں بھی رہے تاہم بعد ازاں وہ رہا ہو گئے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US