ایران اور امریکا کے درمیان چند ہفتوں سے جاری کشیدگی اور جنگ کے بعد دونوں ممالک جنگ بندی پر متفق ہوگئے ہیں جس میں پاکستان کے اہم کردار کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے جنگ کے خاتمے اور عالمی سطح پر کشیدگی کم کرنے میں مدد فراہم کی۔ اس اقدام کا مقصد دنیا کو ممکنہ بڑی جنگ سے بچانا اور حالات کو معمول پر لانا تھا۔
پاکستان کے بطور امن کے داعی کردار کو نہ صرف عوام بلکہ عالمی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے پاکستانی شوبز ستاروں نے بھی خوشی اور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
اداکاروں اور دیگر معروف شخصیات نے سوشل میڈیا پر پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی ایک مثبت قدم ہے اور اس سے دنیا کو ایک بڑی تباہی سے بچا لیا گیا۔ انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان ظاہر کیا کہ خطے میں امن کی فضا بحال ہو رہی ہے۔
فنکاروں نے ایران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ حالات بہتر ہو رہے ہیں اور دنیا ایک بڑی جنگ سے محفوظ رہی۔