ممبئی: بالی ووڈ کے اداکار آیوش شرما نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کی مشکلات بیان کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اداکار بننے کے فیصلے پر انہیں اپنے ہی گھر سے شدید مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے آیوش شرما نے بتایا کہ وہ دراصل تعلیم کے بہانے ممبئی آئے تھے تاہم ان کا اصل مقصد اداکاری کے میدان میں قدم رکھنا تھا۔ کالج میں کم حاضری کے باعث جب ان کے والد کو صورتحال کا علم ہوا تو انہوں نے نہ صرف سخت برہمی کا اظہار کیا بلکہ بیٹے کے رویے پر گہری مایوسی بھی ظاہر کی۔
آیوش شرما کے مطابق ابتدا میں انہوں نے اپنی اداکار بننے کی خواہش خاندان سے چھپائے رکھی تاہم جب حقیقت سامنے آئی تو ان کے والد نے ان کی صلاحیتوں پر سوال اٹھاتے ہوئے مالی تعاون بھی بند کر دیا۔ اداکار نے بتایا کہ ان کے والد نے ان کی شخصیت اور ظاہری شکل و صورت پر بھی تنقید کی اور یہاں تک کہہ دیا کہ وہ ہیرو بننے کے قابل نہیں۔
اداکار نے ایک تلخ یاد شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد نے صاف الفاظ میں کہاکہ میں تمہیں اسکرین پر دیکھنے کے لیے 50 روپے بھی نہیں دوں گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب ان کے پاس محض 20 روپے رہ گئے تھے، جو ان کے لیے انتہائی کٹھن مرحلہ تھا۔
آیوش شرما کے مطابق جب انہوں نے اپنی فلم کے آغاز کے لیے 10 کروڑ روپے کی مالی مدد طلب کی تو ان کی والدہ نے بھی ان کے خواب کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور انہیں مایوس کن الفاظ کا سامنا کرنا پڑا۔ تاہم بعد ازاں ان کے دادا نے مداخلت کی اور خاندان کو قائل کیا، جس کے نتیجے میں انہیں اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع ملا۔
واضح رہے کہ آیوش شرما نے بعد میں بالی ووڈ میں اپنی جگہ بنانے میں کامیابی حاصل کی اور وہ بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے بہنوئی بھی ہیں۔ ان کی یہ جدوجہد نوجوانوں کے لیے ایک مثال سمجھی جا رہی ہے کہ مشکلات کے باوجود اگر حوصلہ برقرار رکھا جائے تو کامیابی ممکن ہے۔