مائیکل جیکسن کی بائیوپک کا پریمیئر ، ہزاروں مداحوں کی شرکت

image

پاپ موسیقی کے بے تاج بادشاہ مائیکل جیکسن کی زندگی پر مبنی فلم ’مائیکل‘ کے عالمی پریمیئر نے جرمنی کے دارالحکومت برلن کو ایک بڑے میوزیکل فیسٹیول میں تبدیل کر دیا۔

فلم کی باضابطہ ریلیز سے تقریباً دو ہفتے قبل ہونے والے اس گرینڈ پریمیئر میں دنیا بھر سے ہزاروں مداح برلن پہنچ گئے جس کے باعث شہر میں غیر معمولی گہما گہمی دیکھنے میں آئی۔

تقریب میں تقریباً 4,000 خوش نصیب مداحوں کو قرعہ اندازی کے ذریعے داخلہ ملا جبکہ دیگر شائقین کے لیے شہر بھر میں مائیکل جیکسن کی زندگی سے متعلق خصوصی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا جن میں نمائشیں، پینل ڈسکشنز اور تھیمڈ ایونٹس شامل تھے۔

مداحوں نے مون واک انداز میں پرفارمنسز پیش کر کے ماحول کو یادگار بنا دیا۔ امریکا سے آئے ایک مداح اینڈی اسکوبار نے کہا کہ مائیکل جیکسن سے ان کی محبت اسکول کے زمانے سے ہے جبکہ فرانس سے آنے والی میگن کٹلر نے بھی اپنے پسندیدہ اسٹار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

فلم میں مائیکل جیکسن کا کردار ان کے بھتیجے جعفر جیکسن نے ادا کیا ہے جس نے فلم کو پہلے ہی عالمی سطح پر خاص توجہ دلا دی ہے۔

اگرچہ مائیکل جیکسن اپنی زندگی میں شہرت کے ساتھ کئی تنازعات کا شکار بھی رہے تاہم ان کی موسیقی آج بھی دنیا بھر میں مقبول ہے۔ فلم ساز ادارے کے مطابق یہ بائیوپک عالمی سطح پر بڑی کامیابی حاصل کر سکتی ہے اور اس سے 70 کروڑ ڈالر تک آمدنی کی توقع کی جا رہی ہے۔

مائیکل جیکسن 2009 میں 50 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے مگر برلن پریمیئر میں مداحوں کا جوش ایک بار پھر ثابت کر گیا کہ ان کی مقبولیت آج بھی کم نہیں ہوئی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US