بالی ووڈ کی معروف اداکارہ جھانوی کپور نے اپنی والدہ اور ماضی کی لیجنڈری سپر اسٹار سری دیوی سے متعلق اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی والدہ کو ماضی میں شدید عوامی تنقید اور منفی القابات کا سامنا کرنا پڑا۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے جھانوی کپور نے بتایا کہ انہوں نے اپنی آنکھوں سے دیکھا کہ کس طرح سری دیوی کو اپنے دور میں سخت رویوں کا نشانہ بنایا گیا، یہاں تک کہ انہیں “گھر توڑنے والی” جیسے الفاظ سے بھی پکارا گیا، جس نے انہیں ذہنی طور پر گہرے اثرات سے دوچار کیا۔
جھانوی کپور کے مطابق معاشرتی رویہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ کسی شخصیت کے انتقال کے بعد اس کے بارے میں نرم گوشہ اختیار کر لیا جاتا ہے لیکن زندگی میں وہی فرد شدید تنقید اور دباؤ برداشت کرتا ہے، جس کی تکلیف کو سمجھنا آسان نہیں ہوتا۔
اداکارہ نے اپنی والدہ کی شخصیت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سری دیوی نہ صرف ایک کامیاب اداکارہ تھیں بلکہ ایک مثالی ماں بھی تھیں، جو اپنی بیٹیوں جھانوی کپور اور خوشی کپور سے بے پناہ محبت کرتی تھیں اور ان کی کامیابی دیکھنے کے لیے ہمیشہ پُرجوش رہتی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ 2018 میں سری دیوی کا اچانک انتقال ان کی زندگی کا سب سے بڑا صدمہ تھا، خاص طور پر اس وقت جب ان کی پہلی فلم دھڑک ریلیز کے قریب تھی، جسے دیکھنے کی خواہش ان کی والدہ کو شدت سے تھی۔
جھانوی کپور نے کہا کہ والدہ کی وفات کے بعد انہیں کم عمری میں ہی زندگی کی ذمہ داریاں سنبھالنا پڑیں اور خودمختاری اختیار کرنا پڑی، جو ان کے لیے ایک مشکل مرحلہ تھا۔
اداکارہ کے مطابق والدہ کے انتقال کے بعد انہوں نے جلد بازی میں کچھ ایسے فیصلے کیے جنہوں نے ان کی ذہنی اور جسمانی صحت کو متاثر کیا تاہم ان تجربات نے انہیں زندگی کے اہم سبق بھی سکھائے اور مضبوط بنایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سری دیوی کی وفات کے بعد نہ صرف وہ اپنی ماں سے محروم ہوئیں بلکہ ان کے والد بونی کپور کی شخصیت میں بھی واضح تبدیلی آئی، کیونکہ سری دیوی خاندان کو جوڑے رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتی تھیں۔
جھانوی کپور کا کہنا تھا کہ آج بھی انہیں اپنی والدہ کا محبت بھرا انداز، نرم مزاج اور خاندان کے لیے ان کی وابستگی شدت سے یاد آتی ہے۔
انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ اگر زندگی انہیں دوبارہ اپنی والدہ سے بات کرنے کا موقع دے تو وہ ان کی جدوجہد کو نہ سمجھنے پر ان سے معافی مانگیں گی۔
اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ سری دیوی نے کم عمری سے ہی فلمی دنیا میں قدم رکھا اور سخت محنت کے ذریعے اپنا منفرد مقام بنایا، تاہم انہوں نے ہمیشہ اپنی ذاتی مشکلات کو پسِ پردہ رکھتے ہوئے بچوں کے سامنے زندگی کے مثبت پہلو ہی پیش کیے۔