معروف اداکارہ، میزبان اور ماڈل فضا علی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں، جہاں ان کی دوسری شادی اور نجی زندگی کے دلچسپ لمحات سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق فضا علی نے 41 سال کی عمر میں نئی زندگی کا آغاز کرتے ہوئے اعجاز خان سے شادی کر لی ہے۔ اداکارہ ان دنوں اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کر رہی ہیں، جس پر صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہا ہے۔
فضا علی نے اپنے شو میں شوہر اعجاز خان کو مدعو کیا، جہاں انہوں نے اپنی ملاقات اور شادی سے متعلق انکشافات کیے۔ اداکارہ کے مطابق دونوں کی ملاقات برطانیہ میں ہوئی، جہاں اعجاز خان مقیم ہیں، اور ابتدائی گفتگو کے بعد ہی انہوں نے شادی کی پیشکش کر دی تھی۔ دونوں نے عید کے موقع پر شادی کی۔
پروگرام کے دوران اعجاز خان نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ فضا علی کو جاننے کے بعد ان سے محبت کرنے لگے اور اس رشتے پر خوش ہیں۔
تاہم شو کے دوران ایک غیر متوقع منظر اس وقت دیکھنے میں آیا جب فضا علی کی بیٹی فرال نے اعجاز خان سے لائیو پروگرام میں اپنی والدہ کو اٹھانے کی فرمائش کر دی۔ اعجاز خان نے درخواست قبول کرتے ہوئے فضا علی کو کندھے پر اُٹھا لیا۔
یہ منظر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا، جہاں صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے۔