مقدمہ کراچی سے باہر منتقل کیا جائے، یوٹیوبر کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

image

یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف حیدری تھانے میں درج مقدمے کے معاملے پر سندھ ہائی کورٹ نے مقدمہ کراچی سے باہر منتقل کرنے کی درخواست پر سماعت مقرر کردی ہے۔

رجب بٹ نے اپنے وکیل میاں علی اشفاق کے توسط سے عدالتِ عالیہ سے رجوع کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ انہیں کراچی میں پیشی کے دوران سیکیورٹی کے شدید خطرات لاحق ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل کے مطابق، سٹی کورٹ میں پیشی کے موقع پر ضمانت کے باوجود رجب بٹ پر تشدد کیا گیا، جس کی وجہ سے ان کا کراچی میں دوبارہ پیش ہونا محفوظ نہیں۔

عدالت نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے اسے 4 مئی کے لیے مقرر کردیا ہے۔

عدالت نے فریقین کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ آئندہ سماعت تک اپنا جواب جمع کروائیں، جبکہ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیس کو کراچی سے کسی دوسرے شہر منتقل کیا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US