کینسر کے علاج کے دوران وِگ استعمال نہ کرنے کا فیصلہ! اداکارہ اینجلین ملک کا حوصلہ افزا پیغام

image

کراچی: پاکستان کی معروف اداکارہ، ہدایتکارہ اور پروڈیوسر اینجلین ملک نے کینسر کے علاج کے دوران وِگ (مصنوعی بال) استعمال نہ کرنے کے اپنے فیصلے کے حوالے سے کھل کر گفتگو کرتے ہوئے خوبصورتی کے روایتی تصورات کو چیلنج کر دیا۔

اینجلین ملک، جو اپنے کامیاب ڈراموں اور ہدایتکاری کے منفرد انداز کے باعث پہچانی جاتی ہیں، حالیہ عرصے میں کینسر کے مرض سے بہادری کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہیں اور علاج کے مراحل سے گزر رہی ہیں۔ وہ ماضی میں کئی مقبول ڈراموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ ہدایتکاری اور پروڈکشن کے شعبے میں بھی نمایاں خدمات انجام دے چکی ہیں۔

حال ہی میں وہ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنے علاج کے دوران پیش آنے والے ذاتی تجربات اور جذبات کا اظہار کیا۔ گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ علاج کے باعث جب ان کے بال گر گئے تو ابتدا میں وہ اس حوالے سے حساس محسوس کرتی تھیں اور اردگرد کے افراد کی جانب سے انہیں وِگ پہننے کا مشورہ دیا گیا۔

اینجلین ملک کے مطابق انہوں نے مختلف وِگز آزمائیں بھی تاہم بعد ازاں انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ مصنوعی بال استعمال نہیں کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی وہ لمحہ تھا جب انہوں نے خود کو قبول کرنے کا فیصلہ کیا اور اس بات کی پرواہ چھوڑ دی کہ لوگ کیا سوچتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خوبصورتی کا تعلق صرف ظاہری شکل و صورت یا بالوں سے نہیں ہوتا بلکہ اصل خوبصورتی انسان کے اندر اور اس کے اعتماد میں ہوتی ہے۔ ان کے بقول انہوں نے بغیر بالوں کے خود کو قبول کرتے ہوئے زندگی کے تجربات کو اسی انداز میں جینا سیکھا۔

اینجلین ملک کے اس جرات مندانہ مؤقف کو سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، جہاں اسے حوصلے، خوداعتمادی اور مثبت سوچ کی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US