کراچی: معروف ٹی وی میزبان اور اداکارہ فضاء علی نے اپنے شوہر اعجاز خان کے ساتھ تعلق، شادی اور ذاتی زندگی سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ مشکل وقت میں شوہر نے ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
فضاء علی حالیہ عرصے میں رمضان المبارک کی نشریات کے دوران ہونے والی تنقید اور سوشل میڈیا پر وائرل خبروں کے باعث خبروں میں رہیں جبکہ عیدالفطر کے موقع پر انہوں نے اپنی تیسری شادی کا اعلان کر کے مداحوں کو حیران کر دیا تھا۔ ان کے شوہر اعجاز خان کا تعلق برطانیہ سے ہے، جو شادی کے بعد پاکستان آئے۔
حال ہی میں اپنے مارننگ شو میں گفتگو کرتے ہوئے فضاء علی نے بتایا کہ ان کے شوہر سوشل میڈیا پر متحرک نہیں تھے تاہم رمضان کے دوران انہیں ہونے والی شدید تنقید کے باعث انہوں نے خصوصی طور پر اکاؤنٹ بنایا تاکہ وہ صورتحال پر نظر رکھ سکیں۔
فضاء کے مطابق اعجاز خان انہیں سوشل میڈیا پر بننے والے میمز، ویڈیوز اور تنقیدی تبصرے بھیجتے اور انہیں ہمت دیتے کہ وہ ان باتوں کو دل پر نہ لیں۔
فضاء علی نے بتایا کہ رمضان کے دوران دونوں کے درمیان مسلسل گفتگو ہوتی رہی، جس میں اعجاز خان نے انہیں ذہنی طور پر سہارا دیا اور ہر مشکل وقت میں حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ عید سے ایک روز قبل وہ اپنے شوہر اور ان کے اہل خانہ کو لینے گئیں، جہاں دونوں خاندانوں کی ملاقات ہوئی اور باہمی مشاورت سے شادی کا فیصلہ طے پایا۔
جلد شادی کے حوالے سے فضاء علی نے انکشاف کیا کہ اعجاز خان نے انہیں واضح طور پر کہا تھا کہ اگر انہوں نے شادی کے لیے ہاں نہ کی تو وہ واپس چلے جائیں گے۔ ان کے بقول ان کے شوہر شادی کے لیے سنجیدہ تھے اور کسی تاخیر کے خواہاں نہیں تھے۔
اس موقع پر اعجاز خان نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ بات اس خدشے کے تحت کہی تھی کہ کہیں فضاء علی اپنا فیصلہ تبدیل نہ کر لیں، اسی لیے وہ فوری طور پر رشتہ طے کرنا چاہتے تھے۔
فضاء علی کے ان انکشافات کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں جہاں بعض افراد نے ان کے فیصلے کو سراہا جبکہ کچھ نے اس پر تنقیدی تبصرے بھی کیے ہیں۔