رابعہ انعم کا خواتین کیلئے خوبصورت پیغام، سوشل میڈیا صارفین کا بھرپور خیر مقدم

image

معروف پاکستانی میزبان رابعہ انعم کی جانب سے خواتین کے لیے دیا گیا ایک باوقار اور حوصلہ افزا پیغام سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی حاصل کر رہا ہے، جہاں صارفین ان کے خیالات کو نہایت مثبت انداز میں سراہ رہے ہیں۔

رابعہ انعم اپنی شائستہ اور باوقار میزبانی کے باعث پہلے ہی ناظرین کی توجہ حاصل کر چکی ہیں تاہم حالیہ دنوں ان کی ایک ویڈیو نے خاص طور پر خواتین کے حوالے سے ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔

اس ویڈیو میں انہوں نے نہایت مؤثر انداز میں یہ پیغام دیا کہ بچپن سے یہ تصور دیا جاتا ہے کہ بیٹی کی زندگی کسی شہزادے کی آمد کے بعد مکمل ہوتی ہے، مگر وقت نے ثابت کیا ہے کہ ایک بیٹی خود اپنی دنیا بنا سکتی ہے، اپنی محنت سے اپنے خوابوں کو حقیقت کا روپ دے سکتی ہے اور خودمختار بن کر زندگی کے چیلنجز کا مقابلہ کر سکتی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایک عورت کو ایسے شریکِ حیات کی ضرورت ہوتی ہے جو اس کی حوصلہ افزائی کرے، اس کی شخصیت کو دبانے کے بجائے اس میں اضافہ کرے اور باہمی احترام کے ساتھ ایک مضبوط رشتہ قائم کرے۔

رابعہ انعم کے مطابق ہر بیٹی کو کسی محل کی نہیں بلکہ ایسے گھر کی خواہش ہوتی ہے جہاں اسے عزت، محبت اور ترقی کے مواقع میسر ہوں۔

ان کے اس پیغام کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے زبردست ردعمل ملا ہے، جہاں متعدد افراد نے اسے نہایت خوبصورت اور حقیقت پر مبنی قرار دیا جبکہ کئی خواتین نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ اپنی محنت کے ذریعے خودمختار زندگی اختیار کریں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US