پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول اداکارہ رمشا خان نے ساتھی اداکار خوشحال خان کے ساتھ مبینہ طور پر رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد شوبز کیریئر سے وقفہ لینے کا بڑا فیصلہ کرلیا ہے۔
حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر دونوں اداکاروں کے نکاح کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں، جس پر رمشا خان نے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے ان تصاویر کو ہٹانے کی درخواست کی تھی۔
اداکارہ کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ اپنی شادی کا اعلان باقاعدہ اور مختلف انداز میں کرنا چاہتی تھیں، تاہم تصاویر لیک ہونے کے بعد انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے تمام مواد بھی حذف کردیا ہے جس نے ان کے مداحوں کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔
پوڈ کاسٹر حسان چوہدری نے اداکارہ کی سابقہ منیجر سمرہ مسلم کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ رمشا خان نے اپنی ازدواجی زندگی کو وقت دینے کے لیے عارضی طور پر اداکاری سے دوری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ وہ گزشتہ سال دسمبر سے اس بارے میں سوچ رہی تھیں اور اب انہوں نے مزید نئے پروجیکٹس سائن نہ کرنے کا ارادہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ رمشا خان اور خوشحال خان کی جوڑی نے 'دنیا پور' اور 'بریانی' جیسے ہٹ ڈراموں میں ایک ساتھ کام کیا، جس کے بعد سے ان کے درمیان تعلقات کی خبریں گردش کررہی تھیں۔