ممبئی میں متعین ایرانی قونصل خانے نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کی بحری قوت سے متعلق دعوؤں کا جواب دینے کے لیے بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان کا مشہور ڈائیلاگ استعمال کرکے سب کو حیران کردیا ہے۔
ایرانی قونصل خانے کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں خلیج فارس میں ایران کی تیز رفتار میزائل بردار کشتیوں اور بحری دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔
اس ویڈیو کے ذریعے ٹرمپ کے ان بیانات پر تنقید کی گئی ہے جن میں انہوں نے ایرانی بحریہ کی کمزوری کا دعویٰ کیا تھا۔
ایرانی حکام نے پیغام میں لکھا کہ امریکی صدر ایران کی بحری طاقت کے خاتمے کی باتیں کرتے رہے ہیں، لیکن اب وہ دیکھیں گے کہ ایرانی کشتیاں کس طرح سمندروں کا کنٹرول سنبھالتی ہیں۔
اس پوسٹ کی خاص بات شاہ رخ خان کی فلم 'اوم شانتی اوم' کے مشہور مکالمے "ابھی تو صرف ٹریلر ہے، پکچر ابھی باقی ہے" کا استعمال تھا، جسے سیاست اور شوبز کے ایک انوکھے امتزاج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور صارفین اس پر دلچسپ تبصرے کر رہے ہیں۔