ریما خان کا ماضی میں معروف پاکستانی اداکارہ کو تھپڑ مارنے کا اعتراف

image

پاکستان فلم انڈسٹری کی ممتاز اداکارہ، ہدایتکارہ اور پروڈیوسر ریما خان نے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے ماضی کے ایک متنازع واقعے سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں ایک معروف ساتھی اداکارہ کو تھپڑ مارا تھا، جس پر وہ آج بھی افسوس کا اظہار کرتی ہیں۔

ریما خان نے یہ گفتگو جیو ٹی وی کے پوڈکاسٹ میں کی جس کی میزبانی سینئر صحافی مبشر ہاشمی نے کی۔ انٹرویو کے دوران انہوں نے بتایا کہ وہ فطرتاً ایک انٹروورٹ شخصیت کی حامل تھیں اور ہمیشہ اپنے کام پر توجہ مرکوز رکھتی تھیں، تاہم کم عمری کے باعث بعض مواقع پر جذبات پر قابو رکھنا مشکل ہو جاتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ واقعہ اسلام آباد میں فلم مس استنبول کی شوٹنگ کے دوران پیش آیا، جس کی ہدایتکاری ماضی کی معروف اداکارہ و ہدایتکارہ شمیم آراء کر رہی تھیں۔ ریما خان کے مطابق ایک ساتھی اداکارہ نے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا اور دو مرتبہ نازیبا زبان استعمال کی، جس پر وہ خود پر قابو نہ رکھ سکیں اور بھرے مجمع میں اسے تھپڑ مار دیا۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ عام طور پر سخت یا ناشائستہ زبان استعمال نہیں کرتیں تاہم اس واقعے پر انہیں گہری ندامت ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ آج وہ سمجھتی ہیں کہ انہیں صبر اور برداشت سے کام لینا چاہیے تھا۔

ان کے بقول انسان کو بعض اوقات بدلے کی بجائے معاملات اللہ پر چھوڑ دینے چاہئیں۔ ریما خان نے مزید کہا کہ وہ آج بھی اس واقعے پر دل سے معذرت خواہ ہیں اور متعلقہ اداکارہ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتی ہیں، تاہم انہوں نے اس اداکارہ کا نام ظاہر کرنے سے گریز کیا۔

گفتگو کے دوران انہوں نے فلمی صنعت میں اداکاراؤں کے درمیان مبینہ مقابلے کے تاثر کو بھی رد کرتے ہوئے کہا کہ “نمبر ون” اور “نمبر ٹو” اداکارہ کی بحث دراصل میڈیا کی جانب سے پیدا کی گئی تھی، حقیقت میں اداکاراؤں کے درمیان ایسا کوئی باضابطہ مقابلہ نہیں تھا۔

واضح رہے کہ ریما خان کا شمار پاکستان کی کامیاب اور مقبول ترین فلمی شخصیات میں ہوتا ہے۔ انہوں نے بلندی سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور کوئی تجھ سا کہاں، زمین آسمان، چور مچائے شور اور دیگر کئی ہٹ فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کی جوڑی شان شاہد، سعود اور بابر علی جیسے اداکاروں کے ساتھ بے حد مقبول رہی۔ وہ اس وقت اپنے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب کے ہمراہ امریکہ میں مقیم ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US