اداکارہ میرا سے انٹرویو میں غیر مناسب رویہ! سوشل میڈیا صارفین ارشاد بھٹی پر برہم

image

کراچی: معروف اداکارہ میرا کے ساتھ ایک حالیہ پوڈکاسٹ انٹرویو میں کیے گئے متنازع اور مبینہ طور پر توہین آمیز سوالات پر سوشل میڈیا سمیت شوبز حلقوں میں شدید ردعمل سامنے آ گیا ہے جبکہ سینئر صحافی ارشاد بھٹی کو کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اداکارہ میرا ان دنوں اپنی نئی فلم سائیکو کی تشہیر میں مصروف ہیں جو عیدالاضحی کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔ اس فلم میں معروف اداکار شان شاہد مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ دیگر کاسٹ میں جاوید شیخ بھی شامل ہیں۔ اسی سلسلے میں میرا مختلف انٹرویوز اور پوڈکاسٹس میں شرکت کر رہی ہیں۔

حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران ارشاد بھٹی کی جانب سے میرا سے ماضی کی ذاتی زندگی اور پرانے تنازعات سے متعلق سوالات کیے گئے جنہیں سوشل میڈیا صارفین نے غیر مناسب اور توہین آمیز قرار دیا۔

ان سوالات میں ان کی ذاتی زندگی، ماضی کے تعلقات اور دیگر حساس معاملات کو موضوع بنایا گیا، جس پر میرا نے گفتگو کو اپنی فلم کی جانب موڑنے کی کوشش کی تاہم میزبان کی جانب سے اسی نوعیت کے سوالات کا سلسلہ جاری رہا۔

رپورٹس کے مطابق دوران انٹرویو میرا کو بار بار فلم کے نام سے جوڑ کر پکارا گیا جسے بھی ناظرین نے نامناسب قرار دیا۔ صورتحال اس حد تک پہنچی کہ اداکارہ نے مزید گفتگو جاری رکھنے کے بجائے انٹرویو چھوڑ دینا بہتر سمجھا۔

اس معاملے پر اداکارہ مشی خان نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک سینئر فنکارہ کو اس انداز میں سوالات کا سامنا کروانا افسوسناک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی فنکار اپنی فلم کی تشہیر کے لیے آتا ہے تو اس سے اس کے کام، کیریئر اور مستقبل کے منصوبوں پر بات ہونی چاہیے نہ کہ ماضی کے تنازعات کو بار بار دہرا کر اسے شرمندہ کیا جائے۔

مشی خان نے مزید کہا کہ میرا نے انتہائی تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کیا تاہم اس طرح کا رویہ کسی بھی مہذب مکالمے کے تقاضوں کے منافی ہے۔ انہوں نے میزبانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے سوالات کے معیار کو بہتر بنائیں اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔

دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے بھی اس انٹرویو کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ ایک سینئر اداکارہ کے ساتھ اس قسم کا رویہ نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ صحافتی اقدار کے بھی خلاف ہے۔ کئی صارفین نے اس طرزِ صحافت کو سنسنی خیزی قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فنکاروں کے ساتھ احترام اور پیشہ ورانہ انداز اپنایا جائے۔

واضح رہے کہ میرا کی فلم سائیکو طویل عرصے بعد ان کی بڑی اسکرین پر واپسی ہے جس کے باعث مداح ان کی نئی پرفارمنس کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں تاہم حالیہ تنازع نے فلم کی تشہیر کے بجائے ایک نئی بحث کو جنم دے دیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US