فضا علی کے شوہر کے محبت بھرے کرتب وائرل، سوشل میڈیا پر دلچسپ تبصروں کی بھرمار

image

اداکارہ و میزبان فضا علی ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئیں تاہم اس بار وجہ ان کی نجی زندگی کے خوشگوار لمحات اور شوہر کے انوکھے اندازِ محبت بنے ہیں جنہوں نے سوشل میڈیا صارفین کی بھرپور توجہ حاصل کر لی ہے۔

حال ہی میں تیسری شادی کے بعد فضا علی اپنی ازدواجی زندگی میں خاصی خوش اور مطمئن دکھائی دیتی ہیں اور وہ اپنے مداحوں کے ساتھ خوشیوں بھرے لمحات بھی مسلسل شیئر کر رہی ہیں۔

چند روز قبل ایک نجی پروگرام میں ان کے شوہر کی جانب سے انہیں منفرد انداز میں اٹھانے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس پر انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑا، تاہم اس جوڑے نے تنقید کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنی محبت کے اظہار کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔

ان دنوں فضا علی برطانیہ میں موجود ہیں جہاں سے انہوں نے ایک اور ویڈیو شیئر کی ہے۔ اس ویڈیو میں ان کے شوہر اعجاز خان کو ایک پارک میں ان کے اردگرد قلابازیاں لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں شوہر کا یہ انداز نہ صرف غیر معمولی بلکہ مزاحیہ بھی محسوس ہوتا ہے تاہم فضا علی کے مطابق یہ حرکات ان کے چہرے پر مسکراہٹ بکھیر دیتی ہیں اور یہی ان کے لیے سب سے اہم بات ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر صارفین کی جانب سے دلچسپ اور ملا جلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ کچھ افراد نے اسے محبت کا انوکھا اظہار قرار دیا جبکہ متعدد صارفین نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے تبصرے کیے۔

ایک صارف نے لکھا کہ اب بس بھی کریں، ہم قائل ہو چکے ہیں جبکہ دوسرے نے خدشہ ظاہر کیا کہ کہیں کمر کا درد نہ ہو جائے۔ ایک اور تبصرے میں اسے حد سے بڑھی ہوئی محبت قرار دیتے ہوئے مزاحیہ انداز اپنایا گیا۔

اس تمام صورتحال کے باوجود فضا علی اور ان کے شوہر اپنی خوشیوں میں مگن دکھائی دیتے ہیں اور ناقدین کی باتوں کو خاطر میں لائے بغیر اپنی نجی زندگی کے لمحات مداحوں کے ساتھ شیئر کر رہے ہیں، جو سوشل میڈیا پر مسلسل موضوعِ بحث بنے ہوئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US