پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ رمشا خان کی شادی نے شوبز حلقوں اور سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی ہے تاہم اب ان کا ایک پرانا بیان بھی دوبارہ موضوعِ بحث بن گیا ہے جو موجودہ صورتحال سے حیران کن حد تک مطابقت رکھتا ہے۔
رمشا خان نے حال ہی میں اپنے ساتھی اداکار خوشحال خان کے ساتھ سادہ اور نجی تقریب میں شادی کی۔ ابتدائی طور پر دونوں کی جانب سے اس خبر کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی تاہم بعد ازاں رمشہ خان نے اپنے سماجی رابطے کے صفحات پر تبدیلیاں کرتے ہوئے سب کو اَن فالو کر دیا اور صرف اپنے شوہر کو فالو رکھا جس کے بعد انہوں نے بطور شادی شدہ خاتون اپنی پہلی تصاویر بھی شیئر کیں۔
اس شادی کو رواں سال کی نمایاں خبروں میں شمار کیا جا رہا ہے، جہاں اس جوڑے نے اپنی تصاویر بھی منفرد انداز میں شیئر کیں جن میں چہروں کو نمایاں نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب رمشا خان کی سابق منیجر کی جانب سے یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ اداکارہ نے عارضی طور پر اداکاری سے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے، جس نے مداحوں کو حیران کر دیا۔
اسی تناظر میں رمشا خان کا ایک پرانا انٹرویو دوبارہ گردش کر رہا ہے جس میں انہوں نے شادی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کیا تھا۔
انہوں نے اس وقت کہا تھا کہ وہ ان اداکاراؤں کو سراہتی ہیں جو گھر اور کام دونوں کو بیک وقت سنبھالتی ہیں تاہم وہ خود ایسا نہیں کر سکیں گی۔
ان کے مطابق شادی کے بعد وہ گھر کو ترجیح دیں گی کیونکہ گھریلو ذمہ داریاں بھی ایک مکمل وقت کا تقاضا کرتی ہیں اور وہ بیک وقت دو بڑے امور سنبھالنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں۔
اب جب ان کی شادی کے بعد اداکاری سے وقفے کی خبریں سامنے آئی ہیں تو سوشل میڈیا صارفین اس پرانے بیان کو موجودہ فیصلے سے جوڑ رہے ہیں۔ مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں، کچھ صارفین نے ان کے مؤقف سے اتفاق کرتے ہوئے اسے ایک ذاتی اور قابلِ احترام فیصلہ قرار دیا، جبکہ دیگر نے اسے محبت کے اثرات سے تعبیر کیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ وہ خود بھی اسی سوچ کی حامل ہیں جبکہ دوسرے نے کہا کہ ہر انسان کو اپنی زندگی کے فیصلے کرنے کا حق حاصل ہے اور خوشی ہی سب سے اہم ہے۔ ایک اور تبصرے میں کہا گیا کہ محبت انسان کو اپنی ترجیحات بدلنے پر آمادہ کر سکتی ہے۔
رمشا خان کا یہ فیصلہ جہاں ان کے مداحوں کے لیے حیران کن ہے وہیں اس نے معاشرتی سطح پر خواتین کے کردار، ترجیحات اور پیشہ ورانہ زندگی کے توازن پر ایک نئی بحث کو بھی جنم دے دیا ہے۔