پاکستانی شوبز انڈسٹری ایک بار پھر ایک پرانے تنازع کی بازگشت سے گونج اٹھی ہے جہاں ماضی کے واقعات کو تازہ کرنے پر شدید ردِعمل سامنے آیا۔ معروف اداکارہ میرا، اداکار و پروڈیوسر سعود اور دیگر فنکاروں سے جڑے ماضی کے دعووں کو حالیہ پوڈکاسٹس میں دوبارہ زیرِ بحث لایا گیا جس پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
چند ماہ قبل سینئر اداکارہ و ہدایتکارہ سنگیتا کے ایک بیان نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کر دیا تھا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اپنے عروج کے دور میں میرا اور سعود ایک دوسرے کے قریب تھے، یہاں تک کہ ایک موقع پر وہ انہیں سعود کے گھر میں دیکھ چکی ہیں۔ یہ بیان بعد ازاں مختلف پوڈکاسٹس میں بھی دہرایا گیا اور طویل عرصے تک زیرِ بحث رہا۔
حال ہی میں یہ معاملہ اس وقت دوبارہ سرخیوں میں آیا جب پوڈکاسٹرز ریحان طارق اور ارشاد بھٹی نے ایک بار پھر اس موضوع کو چھیڑا اور اس پر وضاحت طلب کی جس کے بعد اداکار سعود کی اہلیہ اور معروف میزبان جویریہ سعود میدان میں آ گئیں۔
جویریہ سعود نے انسٹاگرام پر اپنے سخت ردِعمل میں کہا کہ ماضی کی بے بنیاد باتوں کو اچھال کر کسی کی عزت کم نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے واضح الفاظ میں لکھا کہ بڑے فنکاروں جیسے میرا، سعود اور ریما کو تنقید کا نشانہ بنا کر کوئی اپنی حیثیت نہیں بڑھا سکتا کیونکہ ان فنکاروں نے اپنی پہچان محنت اور صلاحیت سے بنائی ہے، نہ کہ سستی شہرت کے ہتھکنڈوں سے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دوسروں کو نیچا دکھا کر آگے بڑھنے کی کوشش کرنے والے کبھی بھی ان ستاروں کے مقام تک نہیں پہنچ سکتے، جو اپنی محنت اور لگن سے کامیابی حاصل کرتے ہیں۔
جویریہ سعود کے اس مؤقف کو شوبز انڈسٹری کی متعدد شخصیات، سوشل میڈیا صارفین اور مداحوں کی بھرپور حمایت حاصل ہوئی ہے۔ صارفین نے پوڈکاسٹرز کے رویے کو غیر ذمہ دارانہ اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماضی کے معاملات کو بار بار اچھالنا نہ صرف فنکاروں کی تضحیک ہے بلکہ انڈسٹری کے وقار کو بھی نقصان پہنچاتا ہے۔
یہ تنازع ایک بار پھر اس بحث کو جنم دے رہا ہے کہ کیا سوشل میڈیا اور پوڈکاسٹ پلیٹ فارمز پر ناظرین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے کسی کی ذاتی زندگی کو موضوع بنانا جائز ہے، یا پھر اس کے لیے کوئی اخلاقی حدود بھی مقرر ہونی چاہئیں۔