سر میں انجیکشن لگتے رہے سلمان خان سکون سے بریانی کھاتے رہے، پروڈیوسر کا انکشاف

image

بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف پروڈیوسر شیلندر سنگھ نے بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان سے متعلق ایک دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اداکار کی ایک منفرد عادت تھی کہ وہ آئینے میں دیکھتے ہوئے کھانا کھاتے تھے جبکہ اسی دوران بالوں کا علاج بھی کرواتے رہتے تھے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شیلندر سنگھ نے ایک انٹرویو میں ماضی کا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایک رات وہ سلمان خان سے ملاقات کے لیے ان کے گھر گئے تھے۔ اس سے قبل سلمان کی منیجر ریشما شیٹی نے انہیں بتایا تھا کہ اداکار کے بال گر رہے ہیں جس پر انہوں نے بالوں کے علاج سے متعلق معلومات حاصل کرنا شروع کر دی تھیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملاقات کے دوران وہ سلمان خان کے کچن میں موجود تھے جہاں اداکار بریانی کھا رہے تھے۔ کچن میں ایک چھوٹی میز کے سامنے آئینہ نصب تھا اور سلمان زیادہ تر آئینے میں دیکھتے ہوئے گفتگو کرتے تھے۔

شیلندر سنگھ کے مطابق اسی دوران ایک شخص طبی آلات کے ساتھ کمرے میں داخل ہوا دستانے پہنے اور خاموشی سے سلمان خان کی سر کی جلد میں انجیکشن لگانا شروع کر دیے جبکہ سلمان خان معمول کے مطابق بریانی کھاتے اور گفتگو کرتے رہے۔

پروڈیوسر نے بتایا کہ جب انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سلمان خان سے اس کی وجہ پوچھی تو اداکار نے مسکراتے ہوئے جواب دیا بھائی، اسٹار بننے کی ایک قیمت چکانی پڑتی ہے۔

شیلندر سنگھ نے مزید انکشاف کیا کہ بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ سلمان خان پلیٹلیٹ رِچ پلازما (PRP) تھراپی کروا رہے تھے جو بالوں کے گرنے کے علاج کے لیے استعمال ہونے والا ایک معروف طبی طریقہ کار ہے


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US