پاکستان کی معروف ٹی وی میزبان متھیرا نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں مردوں کے ساتھ بھی ناانصافی ہوتی ہے اور انہیں جذبات رکھنے والے انسان کے بجائے ایک مشین بنا دیا گیا ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران متھیرا نے مرد و خواتین کے سماجی کردار اور معاشرتی رویوں پر کھل کر اظہارِ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں اکثر مردوں کے ساتھ بھی زیادتی ہوتی ہے، لیکن ان کے مؤقف کو سننے کے بجائے فوری طور پر انہیں قصوروار سمجھ لیا جاتا ہے۔
متھیرا نے کہا کہ اگر کوئی خاتون کسی مرد پر الزام لگا دے کہ اس نے اسے ہاتھ لگایا ہے تو لوگ حقیقت جانے بغیر ہی اس مرد کے خلاف کھڑے ہو جاتے ہیں اور یہ جاننے کی کوشش بھی نہیں کرتے کہ حقیقت کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے مردوں کو مشین بنا دیا ہے۔ ان میں احساسات پیدا کرنے کے بجائے صرف ذمہ داریاں ڈال دی جاتی ہیں۔
متھیرا کے مطابق مسلسل ذمہ داریوں کا بوجھ مردوں کو ذہنی طور پر اس قدر تھکا دیتا ہے کہ وہ نہ اچھا باپ، نہ اچھا بھائی اور نہ ہی اچھا شوہر بن پاتا، جس کے نتیجے میں وہ ہر رشتے میں متاثر ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے میں بہت سے مرد ڈپریشن اور ذہنی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں، لیکن وہ اپنے جذبات کا اظہار نہیں کر پاتے کیونکہ انہیں کمزور سمجھے جانے کا خوف ہوتا ہے۔ متھیرا کا کہنا تھا کہ مرد بھی جذبات رکھتے ہیں اور انہیں بھی اپنے احساسات بیان کرنے کا حق ملنا چاہیے۔