پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار آغا علی ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ایکشن سین کرتے ہوئے زخمی ہو گئے، تاہم انہوں نے پیشہ ورانہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے تکلیف کے باوجود کام جاری رکھا۔
اداکار نے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے اپنے پیغام میں بتایا کہ ایکشن سین کی ریہرسل مکمل ہونے کے باوجود شوٹنگ کے دوران ایک ساتھی اداکار کا جوتا ان کے ہاتھ پر لگ گیا، جس کے نتیجے میں ان کا ہاتھ زخمی ہو گیا۔ اچانک پیش آنے والے اس حادثے کے باوجود انہوں نے شوٹنگ روکنے کے بجائے اسے مکمل کرنے کا فیصلہ کیا۔
آغا علی کے مطابق انہوں نے اپنے زخم کو میک اپ کے ذریعے چھپایا اور رات گئے تقریباً 4 بجے تک مسلسل شوٹنگ جاری رکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور فنکار اپنی ذمہ داری نبھانا ضروری ہوتا ہے، چاہے حالات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں۔
اداکار نے اپنے پیغام میں مداحوں کو بھی حوصلہ دیا اور کہا کہ کامیابی کا راستہ کبھی آسان نہیں ہوتا، اس میں مشکلات آتی ہیں لیکن مستقل مزاجی اور ہمت ہی انسان کو منزل تک پہنچاتی ہے۔
بعد ازاں ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا کہ اب ان کی طبیعت بہتر ہے اور ہاتھ کی معمولی سوجن جلد ختم ہو جائے گی۔
واضح رہے کہ آغا علی ذاتی زندگی کے باعث بھی خبروں میں رہے ہیں، انہوں نے اداکارہ حنا الطاف سے شادی کی تھی تاہم چند برس بعد دونوں نے باہمی رضامندی سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔