پاکستان کے معروف مگر متنازع یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر سوشل میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے تاہم اس بار وجہ ان کا کوئی بیان یا تنازع نہیں بلکہ اپنے کمسن بیٹے کی خوشی منانے کا انداز ہے جس نے صارفین کو دو واضح گروہوں میں تقسیم کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رجب بٹ جن کے یوٹیوب پر لاکھوں سبسکرائبرز اور انسٹاگرام پر بڑی فین فالوئنگ موجود ہے، حالیہ عرصے میں اپنی ذاتی زندگی کے باعث بھی خبروں میں رہے ہیں، خصوصاً اپنی سابق اہلیہ ایمان سے علیحدگی کے بعد انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ اس جوڑے کا ایک بیٹا، کیوان سلطان بٹ18 اپریل 2026 کو سات ماہ کا ہوا جس کی خوشی میں رجب بٹ نے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔
رجب بٹ نے اپنے روزمرہ وی لاگ میں اس تقریب کی جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ابتدا میں اس جشن کو سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کرنا چاہتے تھے تاہم مداحوں کی دلچسپی کے پیش نظر انہوں نے یہ فیصلہ تبدیل کیا۔ تقریب میں سات مختلف کیک کاٹے گئے، جن میں ہر کیک پر بچے کے لیے الگ پیغام درج تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا تیزی سے بڑا ہو رہا ہے اور اس خوشی کو منانا ان کا حق ہے، چاہے لوگ کچھ بھی کہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس اقدام کو سراہنے کے بجائے سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ متعدد صارفین نے اسے محض دکھاوا اور مواد (کنٹینٹ) بنانے کی کوشش قرار دیا۔ ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ ماں سے علیحدگی کے بعد اس طرح کی تقریبات حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتیں، جبکہ ایک اور نے لکھا کہ یہ بچے کی نہیں بلکہ یوٹیوب کنٹینٹ کی سالگرہ لگ رہی ہے۔
کچھ صارفین نے اس معاملے کو جذباتی پہلو سے بھی دیکھا اور کہا کہ ایک باپ کی حیثیت سے اصل ذمہ داری بچے کے ساتھ وقت گزارنا اور خاندانی مسائل حل کرنا ہے نہ کہ سوشل میڈیا پر نمائشی تقریبات منعقد کرنا۔ بعض نے یہ رائے بھی دی کہ اگر راجب بٹ واقعی اپنے بیٹے سے محبت کرتے ہیں تو انہیں اپنے خاندانی معاملات کو بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔
دوسری جانب کچھ مداحوں نے ان کا دفاع بھی کیا اور کہا کہ ایک باپ کو اپنے بچے کی خوشی منانے کا پورا حق ہے، چاہے حالات جیسے بھی ہوں۔
یہ واقعہ ایک بار پھر اس سوال کو جنم دیتا ہے کہ سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی ذاتی خوشیاں کہاں تک حقیقی جذبات کی عکاسی کرتی ہیں اور کہاں یہ محض عوامی توجہ حاصل کرنے کا ذریعہ بن جاتی ہیں۔