کیا سوہائے علی ابڑو کی شادی خطرے میں؟ سوشل میڈیا سرگرمیوں نے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا

image

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت اداکارہ سوہائے علی ابڑوکی ازدواجی زندگی کے حوالے سے قیاس آرائیاں زور پکڑنے لگی ہیں، جس نے مداحوں کو حیرت اور تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

سوہائے علی ابڑو جو اپنے جاندار کرداروں کے باعث متعدد کامیاب پروجیکٹس میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں، انہوں نے مارچ 2021 میں شہزر محمد سے شادی کی تھی۔ اس جوڑے کی ایک بیٹی بھی ہے جس کا نام سشانا نورین محمد ہے۔

اداکارہ نے ہمیشہ اپنی نجی زندگی کو میڈیا کی نظروں سے دور رکھا اور شاذ و نادر ہی اپنے شوہر اور بیٹی کے ساتھ تصاویر یا ویڈیوز شیئر کیں تاہم حالیہ دنوں میں ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ہونے والی سرگرمیوں نے مداحوں کو شکوک میں ڈال دیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق سوہائے علی ابڑو نے اپنے شوہر کے ساتھ آخری بار نومبر 2022 میں ایک ویڈیو شیئر کی تھی جبکہ 2024 میں انہوں نے فادرز ڈے کے موقع پر ایک پوسٹ ضرور کی، مگر اس کے بعد سے دونوں ایک ساتھ نظر نہیں آئے۔ مزید برآں مبینہ طور پر دونوں نے ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر فالو کرنا بھی چھوڑ دیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اگرچہ اداکارہ نے اپنی مایوں کی تصاویر برقرار رکھی ہیں تاہم ان کی شادی سے متعلق دیگر پوسٹس کو ہٹا دیا گیا ہے جس نے ان افواہوں کو مزید ہوا دی ہے۔

دوسری جانب ان کے شوہر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی سوہائے کے ساتھ کوئی حالیہ مواد موجود نہیں، البتہ انہوں نے اپنی بیٹی کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے اسے اپنی فیملی قرار دیا، مگر اپنی اہلیہ کا ذکر نہیں کیا۔

ان تمام اشاروں کے باوجود اس جوڑے کی جانب سے تاحال کسی باضابطہ علیحدگی یا اختلاف کی تصدیق نہیں کی گئی۔ بعض حلقوں کا ماننا ہے کہ ممکن ہے دونوں اپنی نجی زندگی کو جان بوجھ کر عوامی نظروں سے دور رکھنا چاہتے ہوں۔

فی الحال مداح اسی انتظار میں ہیں کہ حقیقت کیا ہے اور آیا یہ محض سوشل میڈیا کی خاموشی ہے یا واقعی دونوں کے درمیان فاصلے بڑھ چکے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US