مشہور ڈرامہ ’کفیل‘ کے جمال کی نجی زندگی کا دردناک انکشاف، بیٹے کی بیماری نے اداکار کو ہلا کر رکھ دیا

image

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں تیزی سے مقبول ہونے والے اداکار حسن خان نے اپنی نجی زندگی کے ایسے پہلوؤں سے پردہ اٹھایا ہے جنہوں نے مداحوں کو جذباتی کر دیا ہے۔

حالیہ دنوں میں ڈرامہ کفیل میں ’جمال‘ کے کردار سے شہرت حاصل کرنے والے حسن خان نے ایک انٹرویو میں اپنی شادی، جدوجہد اور بیٹے کی شدید بیماری سے متعلق دل چھو لینے والی باتیں شیئر کیں۔

اداکار جو ناپا سے فارغ التحصیل ہیں، نے 2019 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک محدود مگر منتخب پروجیکٹس میں کام کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں ہمیشہ اپنے معیار کے مطابق کام تلاش کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا، مگر ان کی اہلیہ اور بچوں نے ہر مشکل وقت میں ان کا سہارا بن کر انہیں سنبھالا۔

حسن خان نے اپنی ازدواجی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شادی انسان کی قسمت بدل دیتی ہے، کیونکہ ایک عورت کی تقدیر بھی اس کے ساتھ جڑ جاتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نکاح کے وقت وہ زندگی میں پہلی بار حقیقی خوف کا شکار ہوئے، کیونکہ اس لمحے انہیں ایک نئی ذمہ داری کا احساس ہوا، تاہم ان کے مطابق نکاح برکت کا ذریعہ بنتا ہے اور انہوں نے اپنی زندگی میں اس کی برکت کو محسوس بھی کیا۔

اداکار نے اپنی زندگی کے سب سے مشکل دور کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا بڑا بیٹا ڈیڑھ سال کی عمر میں شدید بیمار ہو گیا تھا۔

وہ ایک ماہ سے زائد عرصے تک انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں زیر علاج رہا جبکہ 10 دن تک وینٹی لیٹر پر بھی رکھا گیا۔ حسن خان کے مطابق یہ وہ تکلیف دہ وقت تھا جس کا انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔

خوش قسمتی سے ان کا بیٹا اس خطرناک مرحلے سے نکل آیا، جسے وہ کسی معجزے سے کم نہیں سمجھتے۔ اداکار کا کہنا تھا کہ اس واقعے کے بعد ان کے بیٹے کی اہمیت ان کی زندگی میں مزید بڑھ گئی اور وہ اس کی ہر شرارت کو بھی محبت سے نظرانداز کر دیتے ہیں۔

حسن خان کی یہ کہانی نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ کامیابی بلکہ ذاتی زندگی میں پیش آنے والے کٹھن امتحانات اور خاندانی محبت کی طاقت کو بھی اجاگر کرتی ہے جس نے انہیں ایک مضبوط انسان بنا دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US