ہالی ووڈ کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ این ہیتھوے ان دنوں ایک فلمی پروجیکٹ کے بجائے اپنے ایک شائستہ رویے کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔
لندن میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران جب وہ اپنے مداحوں کو آٹوگراف دے رہی تھیں، تو ایک مداح نے انہیں قرآنِ پاک کا نسخہ بطور تحفہ پیش کیا۔ اداکارہ نے اس غیر متوقع تحفے کو دیکھ کر خوشگوار حیرت کا اظہار کیا اور مسکراتے ہوئے نہایت احترام کے ساتھ اسے قبول کرلیا۔
تحفہ پیش کرنے والے شخص کا کہنا تھا کہ کچھ عرصہ قبل انہوں نے اداکارہ کا ایک انٹرویو دیکھا تھا جس میں انہوں نے گفتگو کے دوران "ان شاء اللہ" کا لفظ استعمال کیا تھا، جس سے متاثر ہو کر انہوں نے این ہیتھوے کو یہ خاص تحفہ دینے کا فیصلہ کیا۔ اداکارہ نے نہ صرف یہ ہدیہ قبول کیا بلکہ اس مداح کے ساتھ تصویر بھی بنوائی جو اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اداکارہ کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ بحث رہی تھی جس میں وہ زندگی اور بڑھتی عمر کے بارے میں مثبت خیالات کا اظہار کر رہی تھیں اور اسی دوران انہوں نے "ان شاء اللہ" کہا تھا۔
"دی پرنسز ڈائریز" اور "دی ڈیول وئیرز پراڈا" جیسی مشہور فلموں سے شہرت پانے والی آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ کے اس حالیہ رویے کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے۔