بالی وڈ فلم حق ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئی ہے جس میں ہدایتکار سپرن ورما نے اداکارہ یامی گوتم کی کردار کے لئے کی گئی گہری تیاری کا انکشاف کیا ہے۔
ہدایتکار کے مطابق یامی گوتم نے اپنے کردار شازیہ بانو کو حقیقت کے قریب لانے کے لیے تقریباً 4 ماہ تک نہ صرف کردار کی نفسیات کو سمجھا بلکہ قرآن پاک کے مطالعے اور اس کے مفہوم کو سمجھنے کی بھی کوشش کی۔
انہوں نے بتایا کہ فلم کی تیاری کے دوران مذہبی اور سماجی پہلوؤں پر تقریباً ڈیڑھ سال تحقیق کی گئی تاکہ کہانی کو حقیقت کے قریب رکھا جا سکے۔ فلم میں بعض قرآنی حوالہ جات بھی شامل کیے گئے ہیں اور اختتام کو لفظ اقراء سے جوڑا گیا ہے جو علم کی علامت ہے۔
فلم کی کہانی ایک ایسی خاتون کے گرد گھومتی ہے جو ازدواجی تنازع کے بعد انصاف کے لیے عدالت سے رجوع کرتی ہے۔ یہ فلم خواتین کے حقوق اور سماجی مسائل کو اجاگر کرتی ہے۔