سوشل میڈیا کی دنیا میں اپنی سادہ اور معصوم روزمرہ وی لاگز کے ذریعے پہچان بنانے والی پیاری مریم کی اچانک وفات نے مداحوں کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا تھا۔ وہ اپنے شوہر احسن علی کے ساتھ ایک خوشگوار ازدواجی زندگی گزار رہی تھیں اور دونوں مل کر اپنی زندگی کے خوبصورت لمحات سوشل میڈیا پر شیئر کرتے تھے۔
ان کی زندگی میں خوشیوں کا ایک نیا باب اس وقت شروع ہوا جب وہ امید سے ہوئیں۔ جوڑے نے اپنے مداحوں کو یہ خوشخبری بھی دی کہ وہ جڑواں بچوں کے منتظر ہیں، جس پر سوشل میڈیا پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ تاہم یہ خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی اور زچگی کے دوران پیچیدگیوں کے باعث پیاری مریم زندگی کی بازی ہار گئیں۔
رپورٹس کے مطابق پیاری مریم نے جڑواں بچوں کو جنم دیا، جو دونوں صحت مند ہیں۔ ان بچوں کی دیکھ بھال اس وقت ان کے والد اور دادی کر رہی ہیں۔ شوہر احسن علی نے حال ہی میں اپنے بچوں کے ساتھ گزارے گئے چند خوبصورت لمحات سوشل میڈیا پر شیئر کیے، جنہیں دیکھ کر مداح جذباتی ہوگئے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بچوں کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک صارف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ شاید یہ خوشی مریم کے نصیب میں نہیں تھی، جبکہ ایک اور نے بچوں کو ان کی والدہ کی نشانی قرار دیا۔ بعض صارفین نے یہ مشورہ بھی دیا کہ بچوں کو نظرِ بد سے بچانے کے لیے ان کے چہرے عوام کے سامنے نہ لائے جائیں۔