شرم ہے نہ عقل، حنا پرویز بٹ نے رجب بٹ کو کھری کھری سنادیں

image

یہ نہایت افسوسناک طرزِ عمل ہے۔ ان لوگوں میں نہ شرم باقی رہی ہے اور نہ ہی شعور۔ جہاں دل چاہتا ہے کیمرہ نکال کر ریکارڈنگ شروع کر دیتے ہیں، بغیر اس بات کا خیال کیے کہ اردگرد فیملیز بھی موجود ہو سکتی ہیں۔ مزید افسوس اس بات پر ہے کہ کچھ لوگ ایسے افراد کو ہیرو سمجھتے ہیں۔

پنجاب اسمبلی کی رکن حنا پرویز بٹ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو پر سخت ردعمل دیتے ہوئے یوٹیوبر رجب بٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آن لائن شہرت کی دوڑ میں بعض افراد بنیادی سماجی حدود کو نظر انداز کر رہے ہیں جس سے دوسروں کی نجی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔

زیر بحث ویڈیو میں رجب بٹ ایک ریسٹورنٹ میں کھانے کے دوران وی لاگ بنا رہے ہیں تاہم ان کے عقب میں موجود ایک خاندان واضح طور پر بے چینی محسوس کرتا دکھائی دیتا ہے۔ خاص طور پر ایک خاتون کو کیمرے سے بچنے کے لیے اپنا چہرہ چھپاتے اور رخ موڑتے دیکھا گیا جس پر صارفین کی بڑی تعداد نے اسے غیر مناسب اور مداخلت پر مبنی رویہ قرار دیا۔

یہ معاملہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب رجب بٹ پہلے ہی مختلف تنازعات اور قانونی مسائل میں گھرے ہوئے ہیں۔ ان کی ذاتی زندگی بھی مسلسل خبروں میں رہی ہے۔ ان کی شادی ایمان فاطمہ سے 2024 میں ہوئی تھی ۔ دونوں کے ہاں ستمبر 2025 میں بیٹے کیوان سلطان کی پیدائش ہوئی۔

بعد ازاں مارچ 2026 میں ایک پوڈکاسٹ گفتگو کے دوران رجب بٹ نے علیحدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ طلاق کے کاغذات بھی بھیجے جا چکے ہیں۔ موجودہ تنازع نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر پرائیویسی اور ذمہ دارانہ رویے کے حوالے سے بحث کو تیز کر دیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US