لاہور ائیرپورٹ پر پیش آنے والے واقعے کے بعد معروف میزبان اقرار الحسن سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں ہیں ،ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور شوبز شخصیات کی بڑی تعداد نے ان کے رویے کو نامناسب قرار دیا۔
اس معاملے پر سینئر اداکار شمون عباسی نے بھی کھل کر اظہار خیال کرتے ہوئے اقرار الحسن کو تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ اقرار الحسن کی ماضی کی خدمات اور جرات مندانہ کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں خاص طور پر بدعنوانی اور مختلف مافیاز کے خلاف ان کی جدوجہد قابلِ احترام ہے۔
شمون عباسی کا کہنا تھا کہ حالیہ واقعے میں اقرار الحسن کو زیادہ دانشمندی اور صبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا کیونکہ عوامی شخصیت ہونے کے ناطے ان کے ہر عمل کو غور سے دیکھا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ چاہتے ہیں کہ مستقبل میں عوامی قیادت کا کردار ادا کریں تو انہیں اپنے رویے میں برداشت اور سفارتی انداز اپنانا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ معاشرے میں پہلے ہی تقسیم اور بے چینی پائی جاتی ہے، ایسے میں عوامی شخصیات کو چاہیے کہ وہ معاملات کو سنبھالنے میں نرمی اور حکمت کا راستہ اختیار کریں۔
شمون عباسی کے مطابق اقرار الحسن اس صورتحال کو بہتر انداز میں بھی سنبھال سکتے تھے، مثلاً وہ ویڈیو بنا کر معاملے کو مثبت انداز میں پیش کرتے اور مسکراتے ہوئے اپنا مؤقف بیان کرتے۔
اداکار نے واضح کیا کہ سیاست دراصل بردباری اور تدبر کا نام ہے، اور عوامی اعتماد حاصل کرنے کے لیے رویے میں نرمی اور برداشت انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اقرار الحسن اس واقعے سے سبق سیکھتے ہوئے آئندہ زیادہ محتاط طرزِ عمل اختیار کریں گے۔