شوہروں سے ہر بات کہنا درست نہیں، فضیلہ قیصر نے اپنا تجربہ بیان کردیا

image

"بدقسمتی سے میری کوئی بہن یا بیٹی نہیں جس سے میں دل کی باتیں شیئر کر سکوں اسی لیے میں اکثر اپنے بھائی سے بات کرتی ہوں۔ میرا ماننا ہے کہ شوہروں کے ساتھ ہر بات شیئر کرنا درست نہیں ہوتا کیونکہ وقت آنے پر وہی باتیں طعنوں کی صورت میں واپس آتی ہیں۔ مرد بھی ایک حد تک ایسی باتوں میں دلچسپی رکھتے ہیں اور بعض اوقات دل میں باتیں رکھ کر موقع ملنے پر استعمال کرتے ہیں۔ میں نے بھی ایک بار اپنے شوہر سے کچھ باتیں شیئر کیں، لیکن بعد میں انہوں نے انہی باتوں کو بحث میں دہرا دیا تب مجھے احساس ہوا کہ خواتین کو ہر بات شوہروں سے نہیں کرنی چاہیے۔

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی سینئر اداکارہ فضیلہ قاضی جو تقریباً تین دہائیوں سے ٹی وی اسکرین پر اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں ایک بار پھر اپنے بیان کی وجہ سے خبروں میں آ گئی ہیں۔ روزی، دشت، کشش، مقدس، خاتون منزل، نظرِ بد، تیرے بن اور صرف تم جیسے مشہور ڈراموں میں اداکاری کے بعد حال ہی میں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ ترکِ وفا میں ان کی پرفارمنس کو بھی مداحوں نے خوب سراہا۔

نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کے دوران فضیلہ قاضی نے شادی شدہ زندگی سے متعلق ایک ایسا مشورہ دیا جس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔ انہوں نے نوجوان لڑکیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی ذاتی اور گھریلو باتیں شوہروں کے ساتھ شیئر کرنے میں احتیاط برتیں۔

اسی پروگرام میں میزبان ندا یاسر نے بھی اس رائے کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم سبق ہے اور ان کے مطابق لڑکیوں کو خاص طور پر اپنے میکے سے متعلق تفصیلات شوہروں کو بتانے سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ بعض اوقات یہی معلومات بعد میں کمزوری کے طور پر استعمال ہو سکتی ہیں۔

فضیلہ قاضی کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے جہاں کچھ صارفین ان کی بات سے اتفاق کر رہے ہیں تو کچھ اسے ازدواجی رشتے میں اعتماد کے خلاف قرار دے رہے ہیں۔ اس بیان نے ایک بار پھر اس سوال کو جنم دیا ہے کہ شادی جیسے قریبی رشتے میں حدود کہاں تک ہونی چاہئیں اور کن باتوں کو نجی رکھنا بہتر ہوتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US