معرکہ حق کو ایک سال مکمل ہونے پر ملک کی معروف شوبز شخصیات نے پاک فوج کی خدمات اور قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اداکاروں اور دیگر فنکاروں کا کہنا ہے کہ پاک فوج نے ملکی دفاع اور استحکام کے لیے بے مثال قربانیاں دیں، جس کے باعث ملک آج امن کی جانب گامزن ہے۔ انہوں نے پاک فوج کو ملکی سلامتی کا ضامن قرار دیتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی نے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
شوبز سے وابستہ شخصیات کے مطابق پاک فوج کے جوان سرحدوں پر ہمہ وقت اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستانی پاسپورٹ کی عزت بھی بڑھی ہے۔
فنکاروں نے مزید کہا کہ پاک فوج دنیا میں امن کے قیام کے لیے بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے، تاہم اگر اس پر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
شوبز شخصیات نے اس بات پر زور دیا کہ معرکہ حق کی بدولت ملک میں امن قائم ہوا ہے، جس کا کریڈٹ عسکری قیادت کو جاتا ہے، جبکہ شوبز سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اس کامیابی کی خوشی منا رہے ہیں۔