حبا بخاری کے پیلے جوتے اور بالوں کے جوڑے پر صارفین کی شدید تنقید

image

پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ حبا بخاری ایک بار پھر خبروں میں ہیں لیکن اس بار وجہ ان کی اداکاری نہیں بلکہ ان کا اندازِ لباس بن گیا ہے۔ حالیہ دنوں میں مسلسل کامیاب ڈراموں کا حصہ بننے والی حبا بخاری کو ناظرین خاص طور پر دانش تیمور کے ساتھ ان کی جوڑی کی وجہ سے بے حد پسند کر رہے ہیں جبکہ ان کا ڈرامہ ہمراہی بھی کافی توجہ حاصل کر رہا ہے۔

حال ہی میں وہ برطانیہ میں مداحوں سے ملاقات کے مختلف پروگرامز میں شریک رہیں جس کے بعد وہ ایک جیولری اسٹور کی افتتاحی تقریب میں تنہا شریک ہوئیں۔ اسی تقریب میں ان کی موجودگی اور خاص طور پر ان کا انداز سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گیا۔

اس موقع پر حبا بخاری نے سفید شلوار قمیض اور دوپٹے کا انتخاب کیا جس کے ساتھ انہوں نے پیلے رنگ کی اوپن ٹو ہیلس پہنیں۔ ناقدین کے مطابق جوتوں کا رنگ لباس کے ساتھ ہم آہنگ نہیں تھا۔ اس کے علاوہ ان کے بالوں کو بن کی شکل دی گئی تھی جو کئی صارفین کو غیر مناسب اور حد سے زیادہ آئلی محسوس ہوئی۔ میک اپ بھی سادہ اور مدھم تھا جسے کچھ لوگوں نے ان کی قدرتی خوبصورتی کے برعکس قرار دیا۔

تقریب کی تصاویر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر مختلف آراء سامنے آنے لگیں۔ کچھ صارفین نے ان کے اسٹائل پر تنقید کی اور مشورہ دیا کہ انہیں اپنی ٹیم میں تبدیلی لانی چاہیے جبکہ کچھ نے ان کے مجموعی انداز کو ایونٹ کے معیار کے مطابق نہ ہونے پر سوال اٹھایا۔

یہ پہلا موقع نہیں جب کسی اداکارہ کے لباس پر ایسی رائے سامنے آئی ہو لیکن اس واقعے نے ایک بار پھر یہ ظاہر کیا ہے کہ شوبز شخصیات کے ہر انتخاب پر عوام کی نظر ہوتی ہے اور معمولی سی تبدیلی بھی بڑی بحث کا سبب بن سکتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US