”میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایک دن مجھے دنیا کے سامنے اپنی ٹوٹی ہوئی زندگی اس طرح بیان کرنا پڑے گی۔ میرے بچوں کو مجھ سے دور کر دیا گیا ہے، میں ان سے بات تک نہیں کرسکتی۔ میرے لیے اب سب سے تکلیف دہ لمحہ وہ ہوتا ہے جب میں اپنے مرحوم بیٹے شمشیر کی قبر پر جا کر بیٹھتی ہوں۔ میں نے اپنی پوری زندگی اپنے خاندان، شوہر اور بچوں کے لیے وقف کر دی، لیکن آج میں ایک ایسی ماں بن چکی ہوں جسے اپنے ہی بچوں سے ملنے کی اجازت نہیں۔“
بولی ووڈ اداکارہ سیلینا جیٹلی کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ایک جذباتی ویڈیو نے مداحوں کو افسردہ کر دیا۔ ویڈیو میں اداکارہ آسٹریا میں اپنے مرحوم بیٹے شمشیر کی قبر کے پاس موجود ہیں، جہاں وہ قبر کی صفائی کرتے ہوئے آنسو بہاتی دکھائی دیں۔
سیلینا جیٹلی نے اپنی پوسٹ میں بتایا کہ آسٹریا میں اپنے شوہر پیٹر ہاگ کے ساتھ جاری طلاق کے مقدمے کے دوران ان کی زندگی شدید ذہنی اذیت کا شکار ہو گئی ہے۔ ان کے مطابق عدالت کی کارروائی کے باوجود انہیں اپنے بچوں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی اور ان کا رابطہ مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔
اداکارہ نے دعویٰ کیا کہ ان کے بچوں کو کسی نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور وہ کئی ہفتوں سے ان سے بات تک نہیں کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ماں کے لیے اس سے بڑا دکھ کوئی نہیں ہو سکتا کہ اس کے بچے اس سے دور کر دیے جائیں۔
سیلینا نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق بھی کئی انکشافات کیے۔ ان کے مطابق وہ برسوں تک اپنے شوہر کے کیریئر اور خاندان کی خاطر بھارت، دبئی، سنگاپور اور آسٹریا کے درمیان سفر کرتی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی پرورش کی ذمہ داری بھی زیادہ تر انہوں نے اکیلے نبھائی، لیکن اس کے باوجود انہیں مسلسل مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں یہ بھی الزام لگایا کہ ان کے بچوں کو ان کے خلاف کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق بچوں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنی ماں سے دور ہو جائیں۔ سیلینا کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ معاملات کو باہمی رضامندی سے حل کرنا چاہتی تھیں، مگر ہر بار مالی اور ذاتی مطالبات آڑے آ گئے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ ان کی شادی کی پندرہویں سالگرہ کے روز ہی انہیں طلاق کا نوٹس موصول ہوا، جس نے ان کی زندگی کو مکمل طور پر بدل کر رکھ دیا۔ سیلینا جیٹلی نے کہا کہ اس وقت ان کے پاس اپنے دکھ بانٹنے کے لیے صرف اپنے مرحوم بیٹے شمشیر کی قبر رہ گئی ہے، جہاں جا کر وہ سکون تلاش کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔