منیب بٹ نے گاڑی سے ٹکرانے والے شخص کو گلے لگا لیا، ویڈیو کے چرچے

image

پاکستانی اداکار منیب بٹ ایک بار پھر اپنے رویے کی وجہ سے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔ اداکاری کے میدان میں اپنی محنت سے مقام بنانے والے منیب بٹ نہ صرف اپنی پیشہ ورانہ زندگی بلکہ اپنے نرم مزاج اور سادہ انداز کی وجہ سے بھی مداحوں میں پسند کیے جاتے ہیں۔

حال ہی میں سوشل میڈیا پر ان کی ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں انہیں ایک عام شہری کے ساتھ انتہائی محبت اور تحمل سے پیش آتے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو کے مطابق منیب بٹ ایک مارکیٹ میں گاڑی چلا رہے تھے کہ اسی دوران گاڑی اسٹارٹ کرتے وقت معمولی طور پر ایک شخص سے ٹچ ہوگئی۔

واقعے کے فوراً بعد منیب بٹ گاڑی سے اترے اور سیدھا اس شخص کے پاس گئے۔ انہوں نے نہ صرف اس کی خیریت دریافت کی بلکہ اسے گلے بھی لگایا اور اطمینان کیا کہ وہ بالکل ٹھیک ہے۔ ان کے اس رویے نے وہاں موجود لوگوں کو متاثر کر دیا اور کئی افراد نے ان کی تعریف کرنا شروع کر دی۔

جیسے ہی ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی، صارفین نے منیب بٹ کے اخلاق اور عاجزی کو سراہنا شروع کر دیا۔ کئی لوگوں نے لکھا کہ شہرت حاصل کرنے کے باوجود منیب بٹ کا رویہ اب بھی عام انسان جیسا ہے، یہی چیز انہیں دوسروں سے مختلف بناتی ہے۔

منیب بٹ کافی عرصے سے شوبز انڈسٹری کا حصہ ہیں۔ وہ اداکارہ ایمن خان کے شوہر ہیں اور دونوں اپنی تین بیٹیوں کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔ مداحوں کا کہنا ہے کہ منیب بٹ کی اصل پہچان صرف ان کی اداکاری نہیں بلکہ ان کا انسانوں کے ساتھ خلوص بھرا برتاؤ بھی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US