سینئر اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے حال ہی میں اپنی نجی زندگی سے جڑا ایک جذباتی واقعہ بیان کیا جس نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
اداکارہ نے کہا کہ "میں نے سبوک کے کردار کو بہت قریب سے محسوس کیا کیونکہ میں اپنی زندگی میں ایسا مرحلہ دیکھ چکی ہوں۔ جب میری طلاق ہوچکی تھی اور میری ثمر علی خان سے ابھی شادی نہیں ہوئی تھی تو میرے بیٹے نے خود آکر مجھ سے کہا کہ آپ کو شادی کر لینی چاہیے۔ میری تیسری شادی کے لیے سب سے زیادہ حوصلہ میرے بیٹے بلال نے دیا، حالانکہ میری والدہ اس فیصلے کے سخت خلاف تھیں اور اسے غلط سمجھ رہی تھیں۔
بلال نے مجھ سے کہا کہ آپ کئی سالوں سے اکیلی زندگی گزار رہی ہیں، اب آپ کو اپنا گھر بسا لینا چاہیے کیونکہ وہ شخص آپ سے محبت کرتا ہے اور آپ کا خیال رکھتا ہے۔ میں خود بھی ہچکچاہٹ کا شکار تھی کیونکہ میری بیٹیاں کافی سخت مزاج ہیں اور وہ بھی اس فیصلے کے حق میں نہیں تھیں، لیکن بلال نے مجھے تسلی دی کہ آپ فکر نہ کریں، شادی کرلیں، باقی میں سنبھال لوں گا۔ اسی لیے مجھے سبوک کا کردار اپنے بیٹے جیسا لگا اور زیبا کا خوشگوار اختتام میرے دل کو چھو گیا۔"
مشہور ڈرامہ ریویو شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ڈرامہ "کفیل" کے آخری ایپی سوڈ پر بات کی اور خاص طور پر سبوک کے کردار سے اپنی ذاتی زندگی کی مماثلت بیان کی۔
عتیقہ اوڈھو نے بتایا کہ ان کی زندگی کا ایک مشکل دور ایسا بھی تھا جب وہ طلاق کے بعد تنہا زندگی گزار رہی تھیں۔ اسی دوران ان کے بیٹے بلال نے انہیں دوبارہ شادی کرنے پر آمادہ کیا۔ اداکارہ کے مطابق ان کے بیٹے نے نہ صرف انہیں حوصلہ دیا بلکہ ان کے فیصلے میں مضبوط سہارا بھی بنا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک ماں کے لیے یہ لمحہ بہت خاص ہوتا ہے جب اس کا اپنا بچہ اس کی خوشی کے بارے میں سوچے اور اس کے مستقبل کے لیے مثبت فیصلہ کرنے میں ساتھ دے۔ عتیقہ اوڈھو نے اعتراف کیا کہ وہ خود اس فیصلے کے حوالے سے غیر یقینی کا شکار تھیں، مگر بیٹے کی باتوں نے انہیں اعتماد دیا۔
اداکارہ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر بھی مختلف تبصرے دیکھنے میں آ رہے ہیں۔ کئی صارفین نے کہا کہ والدین کی خوشی کو سمجھنے والے بچے واقعی بہت خاص ہوتے ہیں، جبکہ کچھ مداحوں نے عتیقہ اوڈھو کی سچائی اور کھلے انداز میں بات کرنے کی تعریف کی۔