برطانوی پاپ اسٹار کا سام سنگ کمپنی پر 15 ملین ڈالر ہرجانے کا مقدمہ

image

برطانوی پاپ اسٹار دعا لیپا نے عالمی ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ پر مبینہ طور پر کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں 15 ملین ڈالرز ہرجانے کا مقدمہ دائر کردیا ہے۔

غیر ملکی جریدے ورائٹی کے مطابق گلوکارہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ کمپنی نے ان کی اجازت اور علم کے بغیر ان کی تصویر ایک بڑے پیمانے کی تشہیری مہم میں استعمال کی ہے۔

مقدمے کی تفصیلات کے مطابق دعا لیپا کی ایک تصویر، جو 2024ء کے ایک فیسٹیول میں پرفارمنس کے دوران لی گئی تھی، گزشتہ برس سے سام سنگ ٹی وی باکسز پر استعمال کی جا رہی تھی۔

گلوکارہ کی قانونی ٹیم کا کہنا ہے کہ اس تصویر کے حقوقِ ملکیت ان کے پاس ہیں اور اسے کسی بھی معاوضے یا پیشگی اطلاع کے بغیر اشتہارات کا حصہ بنایا گیا، جس سے یہ تاثر ملا کہ گلوکارہ اس برانڈ کی باقاعدہ حمایت کر رہی ہیں جبکہ فریقین کے درمیان ایسا کوئی معاہدہ موجود نہیں تھا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گلوکارہ نے پہلے کمپنی سے تصویر ہٹانے کے لیے رابطہ کیا تھا، تاہم سام سنگ کی جانب سے مبینہ طور پر انکار کے بعد اب قانونی راستہ اختیار کیا گیا ہے۔ درخواست میں کاپی رائٹ، ٹریڈ مارک اور کیلیفورنیا کے 'رائٹ آف پبلسٹی' قوانین کے تحت کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US