پاکستانی فلم میرا لیاری حال ہی میں ریلیز ہوئی ہے جسے لیاری کے پس منظر میں ایک اسپورٹس ڈرامہ کے طور پر پیش کیا گیا تاہم ابتدائی ناظرین اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے فلم پر ملے جلے ردعمل سامنے آئے ہیں۔
فلم کے ذریعے اداکارہ دنانیر مبین نے بڑے پردے پر اپنی پہلی انٹری دی ہے جبکہ فلم کی پروڈیوسر عائشہ عمر اور ہدایت کار ابو علیحہ ہیں۔ کاسٹ میں نیئر اعجاز، سمیہ ممتاز اور عدنان شاہ ٹیپو سمیت دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔
فلم کی ریلیز سے قبل اسے بھارتی فلم دھورندھر کے مقابلے میں پیش کیا جا رہا تھا تاہم ناظرین کے مطابق میرا لیاری اس توقع پر پوری نہیں اتر سکی۔
سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے فلم کی کہانی اور اسکرپٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کہانی کمزور محسوس ہوئی اور گہرائی کی کمی تھی۔انفلوئنسرز کے مطابق فلم میں اداکاری بہتر تھی لیکن مجموعی طور پر ناظرین کو مضبوط کہانی اور مؤثر اسکرپٹ کی کمی محسوس ہوئی۔
اگرچہ کچھ حلقوں نے فلم میں لیاری کے ماحول اور کاسٹ کی محنت کو سراہا تاہم مجموعی ردعمل سے ظاہر ہوتا ہے کہ فلم ناظرین کو مکمل طور پر متاثر کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔