پاک چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ، وزیراعظم کی چینی ہم منصب سے ملاقات

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں چینی وزیراعظم لی چیانگ سے تفصیلی ملاقات کی، جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور دونوں رہنماؤں نے اپنے وفود کا تعارف کرایا۔

پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ہونے والی اس ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزراء احسن اقبال، رانا تنویر حسین، عطا اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، حنیف عباسی، مشیرِ وزیراعظم ہارون اختر اور معاون خصوصی طارق فاطمی سمیت اعلیٰ حکام شریک تھے۔

ملاقات اور تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین کی اسٹریٹجک شراکت داری اور آہنی دوستی ملکی خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہے جو باہمی اعتماد اور مشترکہ خوشحالی پر مبنی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سی پیک (CPEC) نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے اور اب اس کے اگلے مرحلے پر عملدرآمد کو مزید تیز کیا جائے گا۔

انہوں نے "اُڑان پاکستان" ترقیاتی فریم ورک اور چین کے 15ویں پانچ سالہ منصوبے کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے سمیت خلائی تحقیق، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا، جبکہ چینی شہریوں اور منصوبوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے خلیجی خطے کے حالیہ بحران کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے فعال سفارتی کوششیں کیں، جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران اور امریکا کے درمیان رابطوں جبکہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ایران اور خلیجی ممالک کے ساتھ رابطے برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ معاملات درست سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار و چینی وزیر خارجہ کی جانب سے جنگ بندی کے لیے پانچ نکاتی پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ کے چار نکاتی امن ایجنڈے کی بھرپور تائید کرتے ہوئے پاکستان کی امن کوششوں کی حمایت پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے صوبہ شانشی میں کوئلہ کان دھماکے پر چینی عوام اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US