چین کے جنوب مغربی صوبے چونگ چنگ میں واقع لاناینگ کلف روڈ اپنی منفرد تعمیر اور خطرناک راستے کی وجہ سے دنیا بھر کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ تقریباً 3 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع یہ سڑک چین کی خوبصورت اور خطرناک ترین پہاڑی شاہراہوں میں شمار کی جاتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق 2001 میں لاناینگ گاؤں کے صرف 23 گھرانوں پر مشتمل آبادی نے، جو بیرونی دنیا سے تقریباً کٹی ہوئی تھی پہاڑ کو تراش کر گاڑیوں کے لیے راستہ بنانے کا فیصلہ کیا۔ تعمیراتی مشینری وہاں نہ پہنچنے کے باعث تقریباً 80 دیہاتیوں نے لوہے کی چھینی اور ہتھوڑے کی مدد سے سڑک کی تعمیر کا آغاز کیا۔
ہر گھرانے نے 1.2 کلومیٹر طویل سڑک کے ایک حصے کی ذمہ داری سنبھالی، جبکہ چار سال کی مسلسل محنت کے بعد اس شاہکار کی ابتدائی تعمیر مکمل ہوئی، جو بعد میں لاناینگ کلف روڈ کے نام سے مشہور ہوئی۔
سال 2016 میں چونگ چنگ کی مقامی حکومت نے غربت کے خاتمے اور معاشی ترقی کے پیش نظر اس سڑک کو مزید مضبوط اور کشادہ کرنے کا منصوبہ منظور کیا۔
یہ سڑک انتہائی تنگ اور ڈھلوان ہے، جہاں بعض مقامات پر چڑھائی کا تناسب 22.9 فیصد تک پہنچ جاتا ہے، جس کے باعث یہاں سفر کرنا مہارت اور احتیاط کا متقاضی ہے۔ تاہم اس خطرناک راستے پر سفر کرنے والوں کو گہری وادیوں اور دلکش قدرتی مناظر کا نظارہ بھی نصیب ہوتا ہے۔