چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود کے ہمراہ کنگ فہد عبدالعزیز یونیورسٹی میں قائم مجوزہ کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران محسن نقوی نے اسٹیڈیم کے مختلف سیکشنز اور انکلوژرز کا معائنہ کیا اور مجوزہ تبدیلیوں و ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر انہیں اسٹیڈیم کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ اس جدید اسٹیڈیم سے سعودی عرب میں کرکٹ کے فروغ کو نئی رفتار ملے گی اور مستقبل قریب میں یہاں بین الاقوامی کرکٹ ایونٹس کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگی۔
انہوں نے چیئرمین سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن شہزادہ سعود بن مشعل آل سعود کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی کے سفر کا حصہ بننا باعثِ اعزاز ہے۔