پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آئندہ برس فروری-مارچ میں نیوزی لینڈ کے ٹیسٹ دورے کے دوران ممکنہ مختصر وائٹ بال سیریز کی ترتیب کے لیے نیوزی لینڈ کرکٹ کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔
نیوزی لینڈ کو فروری-مارچ میں آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔یہ بات چیت اس لیے کی جا رہی ہے کہ وقت کی کمی کے باوجود، جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا میں منعقد ہونے والے آئندہ برس کے ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں دونوں ٹیموں کے لیے چند ون ڈے میچ شامل کرنے کی تجویز موجود ہے۔
پی سی بی 18 مارچ سے اپنی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا انعقاد کرنے والا ہے جبکہ نیوزی لینڈ 16 فروری کو سری لنکا کے خلاف اپنی ہوم سیریز مکمل کرے گا۔ اس سے دونوں بورڈز کے پاس سیریز کو حتمی شکل دینے کے لیے تقریباً 20 سے 24 دن کا ونڈو (وقت) بچتا ہے۔
پی سی بی کو یہ بھی ذہن میں رکھنا ہوگا کہ آئندہ برس فروری میں کسی وقت روزوں کا مقدس مہینہ رمضان المبارک بھی شروع ہو جائے گا جو مارچ تک جاری رہے گا۔
نیوزی لینڈ پہلے ٹیسٹ سے قبل ایک تین روزہ وارم اپ میچ کھیلنے کا بھی خواشمند ہے۔پاکستان 9 نومبر سے سری لنکا کے خلاف بھی ورلڈ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کر رہا ہے۔