خراب رینکنگ کا خاتمہ: پی سی بی کا ہوم سیریز میں فاسٹ وکٹوں کی تیاری اور سرجری کا فیصلہ

image

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف آئندہ ہوم ٹیسٹ سیریز کے لیے فاسٹ اور جاندار پچز تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رواں برس نومبر میں ہوم گراؤنڈ پر پہلا ٹیسٹ کھیلنے والی قومی ٹیم کا پہلا میچ 9 نومبر کو راولپنڈی اور دوسرا ٹیسٹ 17 نومبر سے لاہور میں کھیلا جائے گا۔ بیرون ملک 7 میچز میں سے 6 میں شکست کے بعد تھنک ٹینک اور کوچ مائیک ہیسن نے فاسٹ ٹریکس بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ بیرون ملک ٹیم کی جدوجہد کے سلسلے کا خاتمہ کیا جا سکے۔

سری لنکا کے خلاف سہ روزہ میچ کے بعد پی سی بی پیٹرنز الیون سے 2 فاسٹ بولرز کو قومی اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا، جبکہ محمد عباس اور رضا اللہ کی شمولیت بھی یقینی بتائی جا رہی ہے۔

انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون سے صائم ایوب، عبد اللہ شفیق، شان مسعود، محمد عمران اور محمد علی باہر ہو چکے ہیں۔ شان مسعود کی جگہ کسی نوجوان پلیئر کو موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ اوپننگ پیئر میں اذان اویس اور عبد اللہ فضل فیورٹ ہیں۔ علاوہ ازیں، مائیک ہیسن کی ہدایت پر بابر اعظم اپنی فارم کی بحالی کے لیے قائد اعظم ٹرافی میں شرکت کر رہے ہیں۔

آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پاکستان 9ویں نمبر پر ہے جبکہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پوائنٹس ٹیبل پر بھی آخری یعنی نویں درجے پر موجود ہے۔ کرکٹ بورڈ کا تھنک ٹینک اگلی سائیکل میں کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ابھی سے اقدامات کر رہا ہے اور حکام کو امید ہے کہ نئے اور نوجوان کھلاڑیوں کی آمد سے ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US