برطانوی ٹینس کھلاڑی جوڈی بیریج کو 16 ماہ بعد ٹینس کورٹ میں واپسی پر شکست کے بعد سوشل میڈیا پر قتل کی دھمکیاں موصول ہوگئیں۔
27 سالہ جوڈی بیریج چنئی اوپن کے پہلے راؤنڈ میں بھارتی کھلاڑی ویشناوی اڈکر کے ہاتھوں 3-6، 6-3 اور 7-5 سے شکست کھا کر ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔
میچ کے بعد انہوں نے انسٹاگرام پر دھمکی آمیز پیغامات کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ٹینس میں واپسی پر ایسا استقبال ہوا جس نے انہیں یاد دلا دیا کہ انہوں نے کھیل سے دوری کیوں اختیار کی تھی۔
جرمن ٹینس کھلاڑی ایوا لائس نے بھی جوڈی بیریج سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ڈبلیو ٹی اے سے سوال کیا کہ کھلاڑیوں کو آن لائن بدسلوکی سے تحفظ فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کب کیے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال خواتین ٹینس کھلاڑیوں کو سوشل میڈیا پر 12 ہزار سے زائد توہین آمیز پیغامات موصول ہوئے تھے۔